چیمپئنز ٹرافی کا پہلا سیمی فائنل کل دبئی میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا تاہم اس بڑے میچ سے قبل کینگروز کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا گروپ مرحلہ مکمل ہوا اور کل پہلا سیمی فائنل بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ تاہم اس بڑے میچ سے قبل پہلے ہی اپنے 5 اہم کھلاڑیوں سے محروم کینگرو ٹیم کو ایک اور بڑا دھچکا پہنچا ہے اور اہم کھلاڑی زخمی ہونے کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا ہے۔
آسٹریلیا کے بیٹر میتھیو شارٹ انجری کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے آؤٹ ہو گئے۔ وہ افغانستان کے خلاف گروپ میچ میں گھنٹے کی انجری کا شکار ہوئے تھے۔
میتھیو شارٹ کی انجری کو دیکھتے ہوئے کینگرو کپتان اسٹیو اسمتھ پہلے ہی ان کی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں شرکت کے حوالے سے مشکوک تھے۔ تاہم اب میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد ان کا خدشہ درست ثابت ہوا اور وہ نہ صرف سیمی فائنل بلکہ فائنل میں پہنچنے کی صورت میں اس میچ میں بھی ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے جس کے باعث وہ میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔
کرکٹ آسٹریلیا نے میتھیو شارٹ کی جگہ کوپر کونولی کو اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے اور آئی سی سی ٹیکنیکل کمیٹی نے بھی اس کی منظوری دے دی ہے۔
21 سالہ کوپر کونولی نے آسٹریلیا کی جانب سے اب تک صرف تین ایک روزہ میچز کھیلے ہیں اور بھارت کے خلاف میچ ان کا کسی بھی آئی سی سی ایونٹ کا پہلا میچ ہوگا۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے آغاز سے قبل آسٹریلیا کے ریگولر کپتان پیٹ کمنز سمیت چار اہم کھلاڑی زخمی جب کہ اسکواڈ کے ایک منتخب کھلاڑی نے میگا ایونٹ کے آغاز سے چند روز قبل اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔