پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم کی بدترین کارکردگی کی وجہ بتا دی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا نواں میچ آج میزبان پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔ میچ بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہے۔
تاہم اس میچ کی حیثیت نمائشی سے زیادہ کچھ نہیں کیونکہ پاکستان ٹیم بدترین کارکردگی کے باعث ٹورنامنٹ سے شرمناک انداز سے باہر ہوچکی ہے اور یہ مسلسل تیسرا آئی سی سی ایونٹ ہے، جس میں قومی ٹیم ابتدائی راؤنڈ میں ہی میگا ایونٹ سے باہر ہوئی۔
گرین شرٹس کی اس بدترین کارکردگی پر ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود بھی حیران ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے آخری تین ایونٹس میں ٹیم کی پرفارمنس حیران کن ہے اور ہم ٹورنامنٹس میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا پا رہے۔
اظہر محمود نے اس کی وجہ پالیسیوں میں عدم تسلسل کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلسل تبدیلیوں سے ٹیم کی پرفارمنس متاثر ہوئی ہے۔ کھلاڑی دو میچوں میں پرفارم نہیں کر پاتے تو کہا جاتا ہے کہ انہیں ٹیم سے نکال دو۔
ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو پرفارمنس دکھانے کے لیے مسلسل مواقع دینا ضروری ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیم جو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ایونٹ کی میزبان ہونے کے ساتھ دفاعی چیمپئن بھی تھی۔ نیوزی لینڈ اور بھارت سے بڑی شکستوں کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم بنی تھیْ
گزشتہ روز قومی ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ناکام ٹیم اور کھلاڑیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی میں دستیاب بہترین ٹیم کھلائی گئی تھی۔