پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے اپنے ہی بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابر اعظم ہی چیمپئنز ٹرافی میں اوپن کریں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے گزشتہ روز اپنی پریس کانفرنس میں بابر اعظم کے اوپن نہ کرنے سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں بابر اعظم ہی اوپن کریں گے۔
محمد رضوان نے کہا کہ پریس کانفرنس میں ایسی کوئی بات نہیں ہوئی کہ بابر اعظم اوپن نہیں کریں گے۔ سینئر کھلاڑیوں کو ذمہ داری لے کر پرفارم کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ حارث رؤف مکمل فٹ ہیں اور میچ کھیلیں گے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا میلہ آج سے شروع ہو رہا ہے۔ افتتاحی میچ میزبان اور دفاعی چیمپئن پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا۔
میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دوپہر دو بجے ہوگا۔ میچ سے قبل چیمپئنز ٹرافی کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب ہوگی جس میں پاک فضائیہ کے طیارے فضا میں فلائنگ پاسٹ کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستانی کپتان محمد رضوان نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ضروری نہیں کہ چیمپئنز ٹرافی میں نیوزی لینڈ کے خلاف بابر اعظم اوپن کریں۔
ضروری نہیں کہ نیوزی لینڈ کیخلاف بابر اعظم اوپن کریں، محمد رضوان