چیمپئنز ٹرافی 2025 کے معاملے پر بھارتی بورڈ کی ہٹ دھرمی برقرار ہے اور وہ حکومت کی اجازت کے بغیر پاکستان آنے پر رضامند نہیں ہیں۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان میں سیکیورٹی خدشات ہیں جس کے باعث ہماری ٹیم دورہ نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی بورڈ اپنے مؤقف پر قائم ہے اگر ہمیں حکومت اجازت دے گی تو ہی پاکستان جاسکتے ہیں ورنہ نہیں، اس حوالے سے آئی سی سی کو بھی جواب دے دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی کا بہانہ بناکر ٹیم بھیجنے سے انکار کردیا ہے جس پر پی سی بی نے سخت موقف اپنایا ہے۔
پی سی بی نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ ایونٹ پاکستان میں ہی ہوگا بھارت آنا چاہتا ہے تو آئے نہیں تو دوسری ٹیم کا نام فائنل کرلیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی 2025کے سلسلے میں پاکستان میں اسکردو، ہنزہ اور مظفر آباد میں ٹرافی کے دورے کو منسوخ کردیا ہے۔
یہ پڑھیں: بھارت کا انکار، پاکستان کا سخت موقف، آئی سی سی مشکل کا شکار؟
دوسری جانب پی سی بی ذرائع نے یہ دعویٰ مسترد کردیا اور کہا ٹرافی ٹور پر بھارت کا اعتراض ناجائز ہے، ٹور کا شیڈول اور روٹ آئی سی سی کا منظور کردہ ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں شیڈول ہے۔ پاکستان اس کا میزبان ہی نہیں بلکہ دفاعی چیمپئن بھی ہے۔ ایونٹ کے لیے پی سی بی کی جانب سے حتمی تیاریاں جاری ہیں اور ماسوائے بھارت تمام ٹیموں نے پاکستان آ کر ایونٹ کھیلنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔