بھارت نے نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر ریکارڈ تیسری بار چیمپئنز ٹرافی جیت لی جب کہ فیورٹ نیوزی لینڈ آئی سی سی کے میگا ایونٹس کے فائنل میں پہنچ کر ایک بار پھر ٹرافی پر قبضہ جمانے میں ناکام رہا۔
بھارت ایک بار پھر چیمپئنز کا چیمپئن بن گیا۔ ٹی ٹوئنٹی جیتنے کے بعد بھارت چیمپئنز ٹرافی بھی جیت گیا۔ بھارتی ٹیم تین چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے 252 رنز کے جواب میں کپتان روہت شرما اور شبمن گل نے سنچری اسٹینڈ فراہم کر کے مضبوط بنیاد رکھی۔
روہت شرما نے کپتانی باری کھیلتے ہوئے سب سے زیادہ 76 رنز بنائے اور ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔
رنز کی مشین ویرات کوہلی فائنل میں ناکام رہے اور صرف 1 اسکور بنا کر چلتے بنے۔ مڈل آرڈر میں سریش ایئر اور اکشرپٹیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نہ صرف رنز کی رفتار بڑھائی بلکہ اچھی پارٹنرشپ قائم کر کے ٹیم کو دباؤ سے بھی نکالا۔
ایئر نے 48 اور پٹیل نے 29 رنز بنائے جس کے بعد کےایل راہول نے اننگز کو سنبھالا اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ وہ 34 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈکی جانب سے کپتان سینٹنر اور بریسویل نے2، 2 جب کہ رویندرا اور جیسمن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی. ٹاپ اسکورر روہت شرما کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا.
اس سے قبل نیوزی لینڈ کے کپتان مچیل سینٹنر نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارت کے خلاف کیوی ٹیم کی پہلی وکٹ 57 رنز پر گری، وِل ینگ کو وروُن چکرورتھی نے آؤٹ کیا، جب کہ 69 رنز پر اوپنر رچن رویندرا اسپنر کلدیپ یادیو کا شکار بنے، ولمسن 11 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
کیوی ٹیم کو چوتھا نقصان ٹام لیتھم کی صورت میں اٹھانا پڑا، ٹم 14 رنز بنا کر رویندرا جڈیجا کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔
نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے 251 رنز بنائے جس میں بریسویل کی ذمہ دارانہ نصف سنچری بھی شامل ہے۔ تجربہ کار ڈیرل مچل نے سب سے زیادہ 63 رنز بنائے۔
ٹاس کے موقع پر کیوی کپتان مچیل سینٹنر نے بتایا کہ بولر میٹ ہینری انجری کے باعث فائنل نہیں کھیل رہے، انہوں نے کہا کہ توقعات کے مطابق بھارتی شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود ہے۔
کیوی کپتان مچیل سینٹنر نے کہا کہ وکٹ اچھی لگ رہی ہے، پچ ویسی ہی ہے جیسے بھارت کے خلاف پچھلےمیچ کی تھی۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم بہت اچھی ہے، دوسری بیٹنگ سے فرق نہیں پڑتا۔