آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شرکت کے لیے غیر ملکی ٹیموں کی پاکستان آمد شروع ہو گئی ہے پہلی ٹیم نیوزی لینڈ پہنچ گئی ہے۔
پاکستان 29 سال کے طویل عرصہ بعد آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کر رہا ہے۔ 19 فروری سے شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کا پاکستان میزبان ہونے کے ساتھ دفاعی چیمپئن بھی ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا میلہ 19 فروری سے سج رہا ہے۔ میگا ایونٹ میں شرکت کے لیے غیر ملکی ٹیموں کی پاکستان آمد شروع ہو گئی ہے۔
گزشتہ روز نیوزی لینڈ کی ٹیم لاہور پہنچ گئی۔ کیوی ٹیم کو سخت سیکیورٹی حصار میں ایئرپورٹ سے ہوٹل تک پہنچایا گیا۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم کی بھی آج شام یا کل آمد متوقع ہے۔
مذکورہ دونوں ٹیمیں آئی سی سی ایونٹ سے قبل پاکستان کے ہمراہ 8 فروری سے شروع ہونے والے ہونے سے سہ ملکی ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گے۔ یہ ٹورنامنٹ سنگل لیگ کی بنیاد پر 8 سے 14 فروری تک کھیلا جائے گا۔
نیوزی لینڈ ٹیم آج قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی جب کہ 8 فروری کو اسی میدان میں پاکستان کے ساتھ مدمقابل ہوگی۔ 10 فروری کو نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کا مقابلہ ہوگا۔ 12 فروری کو میزبان پاکستان اور پروٹیز ٹکرائیں گے۔ ٹاپ 2 ٹیمیں 14 فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں فائنل کھیلیں گی۔
افغانستان کی ٹیم 12 فروری کو پاکستان آئے گی۔ انگلینڈ کی ٹیم 18 اور آسٹریلیا کی ٹیم 19 فروری کو پاکستان پہنچیں گی۔
بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہیں آ رہی اور وہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے گی۔ اس سلسلے میں بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں 15 فروری کو دبئی پہنچیں گی۔ بنگلہ دیش ٹیم 20 فروری کو بھارت سے اپنا پہلا میچ کھیلنے کے بعد پاکستان آئے گی۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے کم از کم 10 میچوں کی میزبانی پاکستان کرے گا جبکہ دبئی چار میچوں کی میزبانی کرے گا۔ اگر بھارت اور فائنل کے لیے کوالیفائی کرتا ہے تو یہ میچ بھی پاکستان کے بجائے دبئی میں کھیلا جائے گا۔