فخر زمان کے زخمی ہونے پر امام الحق کو چیمپئنز ٹرافی کے پاکستانی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے سابق کرکٹرز نے اس پر اظہار خیال کیا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں زخمی ہو کر میگا ایونٹ سے باہر ہونے کے بعد امام الحق کو پاکستانی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے اور وہ ٹورنامنٹ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف دبئی میں میدان میں اتریں گے۔
امام الحق کی ٹیم میں شمولیت پر اے آر وائی نیوز کے اسپورٹس پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق قومی وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے کہا ہے کہ امام الحق کے پاس تجربہ ہے وہ انڈیا کے خلاف میچ میں پرفارمنس دے کر ثابت کر دے کہ سلیکٹرز نے اس کو پہلے منتخب نہ کر کے بڑی غلطی کی تھی۔
کامران اکمل کا کہنا تھا کہ انڈیا کے خلاف میچ میں تو پریشر ہر کھلاڑی پر ہوتا ہے۔ تاہم امام الحق تجربہ کار کھلاڑی ہے۔ 9 سنچریاں کر رکھی ہیں۔ ابھی سائیڈ میچ میں جنوبی افریقہ کیخلاف 98 رنز کیے ہیں۔ اب یہ اس کا کام ہے کہ میدان میں انڈر پریشر کھیلتا ہے یا پھر کھل کر مثبت اپروچ کے ساتھ۔
انہوں نے کہا کہ کوئی شک نہیں انڈیا کے خلاف بڑا میچ اور ہمارے لیے ڈو آر ڈائی ہے اور وہ اس میں پرفارمنس دے کر اپنی جگہ پکی کر سکتا ہے۔ کوشش کریں کہ میچ صرف جیتے ہی نہیں بلکہ بڑے مارجن سے جیتیں کیونکہ نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد ٹیم پر دباؤ آچکا ہے۔
باسط علی نے کہا کہ امام الحق نے ابتدائی اسکواڈ میں منتخب نہ ہونے پر ٹویٹ کر کے جواب دیا تھا، میں ایسے جواب کو نہیں مانتا۔ اب اس کو موقع ملا ہے تو بیٹ سے جواب دے اور رنز کر کے اپنی پرفارمنس سے سب کو چپ کرائے۔
چیمپئنز ٹرافی: بابر اعظم نہیں، انڈیا کے خلاف کن سے اوپن کرایا جائے؟ سابق کپتان نے جوڑی بتا دی