چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی بدترین کارکردگی کے بعد پوسٹ مارٹم جاری ہے عمر اکمل نے انکشاف کیا ہے کہ حارث رؤف نے رضوان کی بات نہ مانی۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے میزبان پاکستان پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہوچکا ہے۔ میگا ایونٹ سے اخراج کے بعد ٹیم اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کا پوسٹمارٹم جاری ہے۔
ایک عرصہ سے پاکستان ٹیم سے باہر مڈل آرڈر بیٹر عمر اکمل نے الزام عائد کیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں فاسٹ بولر حارث رؤف نے کپتان محمد رضوان کی بات نہیں مانی جب کہ انہوں نے کٹہرے میں اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کو بھی کھڑا کر دیا ہے۔
عمر اکمل نے 2010 کے دورہ انگلینڈ کے میچ کا احوال بتاتے ہوئے کہا کہ اس ون ڈے میچ میں ایک وقت ایسا تھا کہ انگلینڈ کو جیت کے لیے صرف 45 یا 46 رنز درکار تھے اور ان کی تین وکٹیں گری ہوئی تھیں۔ اس موقع پر کپتان شاہد آفریدی عمر گل کو لائے اور کہا کہ تم پورا زور لگا کر تگڑا اسپیل کرو تو ہم انگلینڈ کو آؤٹ کر لیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمر گل نے اپنے کپتان کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے پورا زور لگا کر بولنگ کی اور گیند اتنی ریورس سوئنگ ہوئی کہ ہم دس یا پندرہ رنز سے میچ جیت گئے تھے۔
عمر گل نے مذکورہ واقعہ کو چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم سے جوڑتے ہوئے کہا کہ لیکن یہاں کپتان محمد رضوان فاسٹ بولر حارث رؤف سے کہہ رہا ہے کہ گیند ریورس سوئنگ ہو رہی ہے، پورا زور لگاؤ لیکن حارث نے چھ کی چھ گیندیں سلو ڈال دیں۔
مڈل آرڈر بیٹر نے کہا کہ کوئی پوچھے گا بھی کہ حارث رؤف نے کپتان کا کہا کیوں نہ مانا اور اپنی من مانی کیوں کی۔
عمر اکمل نے اسسٹنٹ کوچ سابق فاسٹ بولر اظہر محمود کو کٹہرے میں کھڑا کرتے ہوئے کہا کہ خاص طور پر اظہر محمود سے پوچھنا چاہیے جو کافی عرصہ سے پاکستان ٹیم کے بولنگ کوچ ہیں کہ انہوں نے نئے بولرز کو کیوں نہ آنے دیا۔ ایسا کیوں ہو رہا ہے کہ جو بولر آرہا ہے وہ ان فٹ ہو رہا ہے۔
حارث رؤف کے ساتھ مسئلہ کیا ہے؟ وسیم اور وقار نے نشاندہی کر دی