چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد میں اب صرف 13 روز باقی ہیں آئی سی سی نے میگا ایونٹ کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کر دیا ہے کوئی بھارتی شامل نہیں۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے ہو رہا ہے۔ میگا ایونٹ میں 8 ٹیمیں شریک ہیں اور اس کے میچز پاکستان کے تین شہروں کراچی، لاہور اور پنڈی کے علاوہ بھارتی ٹیم کے میچ ہائبرڈ ماڈل کے تحت دبئی میں کھیلیں جائیں گے۔
افتتاحی میچ میزبان اور دفاعی چیمپئن پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے میگا ایونٹ کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کر دیا ہے۔ پاکستان کے احسن رضا سمیت 12 امپائر فرائض انجام دیں گے۔ تاہم کوئی بھارتی امپائر شامل نہیں ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق منی ورلڈ کپ کہلائے جانے والے چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں 12 امپائرز فرائض سرانجام دیں گے۔
سال 2017 میں پاکستان اور بھارت کے مابین فائنل میچ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دینے والے رچرڈ کیٹلبرو اس ایونٹ میں بھی اپنے فرائض انجام دیں گے۔ انہیں 108 میچز میں امپائرنگ کا تجربہ ہے۔
اسی طرح اسی طرح 2017 چیمپئینز ٹرافی میں امپائرنگ پینل میں شریک کرس گیفانی، کمار دھرماسینا، رچرڈ ایلنگ ورتھ، پال ریفل اور روڈ ٹکر بھی 2025 کے ایونٹ کے میچ آفیشلز میں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ مائیکل گف، ایڈرین ہولڈسٹاک، احسن رضا، شرف الدولہ ابن شاہد، الیکس وارف اور جوئل ولسن شامل ہیں۔
شوپیس ایونٹ میں ڈیوڈ بون، رنجن مدوگالے اور اینڈی پائی کروفٹ میچ ریفری ہوں گے۔