آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے پرائز منی (انعامی رقم) کا اعلان کر دیا ہے ہر ٹیم پر دولت کی برسات ہوگی۔
چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے پاکستان میں ہو رہا ہے۔ میگا ایونٹ کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پرائز منی (انعامی رقم) کا اعلان کردیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ مجموعی انعامی رقم میں 2017 کے گزشتہ ایڈیشن کے مقابلے میں 53 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 69 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 کی فاتح ٹیم کو 22 لاکھ 40 ہزار ڈالر (پاکستانی 62 کروڑ روپے سے زائد) انعامی رقم ملے گی جب کہ رنر اپ ٹیم کو 11 لاکھ 20 ہزار ڈالر (پاکستانی 31 کروڑ روپے سے زائد) دیے جائیں گے۔
سیمی فائنل ہارنے والی دونوں ٹیموں کو 5 لاکھ 60 ہزار ڈالرز (پاکستانی 15 کروڑ روپے سے زائد) جب کہ پانچویں اور چھٹے نمبر پر آنے والی ٹیموں کو فی ٹیم 3 لاکھ 50 ہزار ڈالر (پاکستانی 9 کروڑ روپے سے زائد) اور ساتویں نمبر پر آنے والی ٹیم کو ایک لاکھ 40 ہزار ڈالر (تقریباً چار کروڑ روپے پاکستانی) انعامی رقم دی جائے گی۔
گروپ میں ہر میچ جیتنے پر فاتح ٹیم کو 34 ہزار ڈالرز (پاکستانی 90 لاکھ روپے سے زائد) انعامی رقم دی جائے گی۔
واضح رہے کہ 29 سال کے طویل عرصہ بعد پاکستان آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کر رہا ہے۔ 19 فروری سے شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کا پاکستان میزبان ملک ہونے کے ساتھ دفاعی چیمپئن بھی ہے۔