مودی سرکار نے ٹیم تو نہ بھیجی مگر اہم بھارتی شخصیت آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا سیمی فائنل دیکھنے کے لیے پاکستان ضرور پہنچ گئی۔
بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کو ملنے کے بعد روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کیا اور اپنے میچز ہائبرڈ ماڈل کے تحت دبئی میں کھیل رہی ہے۔ تاہم اسی بھارت کی ایک اہم شخصیت آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا لاہور میں آج ہونے والا دوسرا سیمی فائنل دیکھنے کے لیے پاکستان پہنچ گئی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کا دوسرا سیمی فائنل دیکھنے کے لیے بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا لاہور پہنچ گئے۔
اطلاعات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا فیملی کے ہمراہ منگل کے روز لاہور پہنچے اور وہ آج قذافی اسٹیڈیم میں یہ اہم میچ دیکھیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا سے نجی ہوٹل میں بعض قومی کرکٹرز نے بھی ملاقات کی۔
بتایا جا رہا ہے کہ بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور ملائیشین کرکٹ بورڈ کے سربراہان بھی آج لاہور میں سیمی فائنل میچ دیکھیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز دبئی میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے آسٹریلیا کو چار وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
فائنل میچ بھی ہائبرڈ ماڈل کے تحت دبئی میں 9 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ آج کھیلے جانے والے دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم بھارت کے مدمقابل ہوگی۔
چیمپئنز ٹرافی: دوسرے سیمی فائنل میں آج جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ مدمقابل