چیمپئنز ٹرافی کے گروپ میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 44 رنز سے شکست دے دی۔
دبئی میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کے 250 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 205 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ تجربہ کار کین ولیمسن کی 81 رنز کی مزاحمتی اننگز بھی رائیگاں گئی۔
کپتان مچل سینٹنر 28 اور ول ینگ 22 رنز بنا سکے۔
بھارت کی جانب سے ورون چکرورتی نے اپنی گھومتی گیندوں سے بلے بازوں کو چکرا دیا۔ انہوں نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ کلدیپ یادیو نے 2، پانڈیا، اکشرپٹیل اور جڈیجا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بھارتی ٹیم پہلے سیمی فائنل میں منگل کو آسٹریلیا سے ٹکرائے گی۔
نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت کی جس نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز بنائے، شریاس ائیر 79، پانڈیا 45 اور اکشر پٹیل 42 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
میٹ ہنری نے 42 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جیمی سن، رویندرا، سینٹنر اور اورورک نے ایک ایک وکٹ لی۔
ٹاس کے موقع پر کیوی کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، ٹیم میں کونوے کی جگہ ڈیرل مچل کھیل رہے ہیں، وکٹ کافی اچھی لگ رہی ہے بھارت کو جلد آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔
دوسری جانب بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ ہم ٹاس جیت کر بیٹنگ ہی کرتے، بھارتی ٹیم میں بھی ایک تبدیلی کی گئی ہے ہرشیت رانا کی جگہ وارن چکرورتی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ اور بھارتی ٹیم کا یہ میچ اس لیے بھی اہم ہے کہ اس کے نتیجے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر ٹیموں کی پوزیشن واضح ہو جائے گی، اس میچ کے بعد پتہ چلے گا کہ کون سی ٹیم سیمی فائنل میں کس سے مقابلہ کرے گی۔
آج کا میچ جیتنے والی ٹیم سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے مدمقابل ہوگی جبکہ آج کا میچ ہارنے والی ٹیم سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ سے کھیلے گی۔
ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل ٹیم کا فیصلہ ہوگیا ہے، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی سیمی فائنل میں میں بھارت، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقا پہنچ چکی ہیں۔