بھارت نے لگاتار تیسرے سال میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے تین ایونٹس کے فائنل میچز میں کوالیفائی کرنے کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی ہے۔
بھارت دنیائے کرکٹ کی واحد ٹیم بن رہی ہے جو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے لگاتار تین ٹورنامنٹس کے تینوں فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لے گی۔
بلیو شرٹس نے گزشتہ روز دبئی میں کھیلے گئے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ وہ 9 مارچ کو اسی اسٹیڈیم میں آج کے میچ کی فاتح ٹیم جنوبی افریقہ یا نیوزی لینڈ سے فائنل میں مقابلہ کرے گی۔
آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں بھارت میں ہوا اور ٹیم انڈیا نے ایونٹ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے اس کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ تاہم آسٹریلیا نے فائنل میں اس کو شکست دے کر تیسری بار ایک روزہ کرکٹ کا عالمی چیمپئن بننے سے محروم کر دیا۔
پھر آیا 2024 جس میں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا گیا۔ اس ٹورنامنٹ میں بھی ٹیم انڈیا ناقابل شکست رہتے ہوئے فائنل میں پہنچی اور جنوبی افریقہ کو ہرا کر دوسری بار یہ ٹرافی اٹھائی۔
اب چل رہا ہے 2025 جس میں پاکستان کی میزبان میں کھیلی جا رہی ہے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی۔ بھارت نے گوکہ ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم پاکستان نہیں بھیجی اور ہائبرڈ ماڈل کے تحت وہ اپنے میچز دبئی میں کھیل رہے ہیں تاہم یہاں بھی اس کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے۔
بھارت نے جاری شوپیس ایونٹ میں بھی ناقابل شکست رہتے ہوئے پہلے مرحلے میں بنگلہ دیش، پاکستان اور نیوزی لینڈ کو با آسانی ہرایا اور پھر ون ڈے اور ٹیسٹ کی عالمی چیمپئن آسٹریلیا کو سیمی فائنل میں شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کیا۔
بلیو شرٹس اگر 9 مارچ کو فائنل جیت لیتے ہیں تو بھارتی ٹیم 12 سال بعد ایک بار پھر چیمپئنز ٹرافی اٹھا سکتی ہے۔