جمعہ, فروری 21, 2025
اشتہار

کراچی میں چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ، پارکنگ اور ٹریفک پلان جاری

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی میں چیمپئنز ٹرافی 2025 کے افتتاحی میچ کیلئے شائقین کرکٹ کے پارکنگ کے لیے خصوصی ٹریفک پلان مرتب کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 29 سال بعد پاکستان میں آج کرکٹ کا بین الاقوامی میلہ سجے گا آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا بڑا مقابلہ ہوگا اس افتتاحی میچ کے مہمان خصوصی صدر آصف زرداری ہونگے۔

دوسری جانب کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں چیمپئنز ٹرافی کے پہلے میچ کے موقع پر ٹریفک پلان جاری کردیا گیا جس پر عمل کرکے شہری دوران سفر مشکلات سے بچ سکتے ہیں اور شائقین کرکٹ کو پارکنگ میں بھی دشواری کا سامنا نہیں ہوگا۔

ٹریفک پلان کے مطابق سرشاہ سلیمان روڈ کے دونوں ٹریک کھلے رہیں گے، سہراب گوٹھ سے نیپا، لیاقت آباد 10 نمبر سے حسن اسکوائر، پیپلز چورنگی سے یونیورسٹی روڈ،  کارساز  سے اسٹیڈیم اور ملینیم تک ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔

نیو ٹاؤن اسٹیڈیم سگنل سے حسن اسکوائر ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا، اس کے علاوہ وی آئی پیز اور خصوصی پاسز والی گاڑیوں کی پارکنگ اسٹیڈیم کے اندر رکھی گئی ہے۔

اسٹیڈیم میں داخلے کیلئے شائقین گیٹ نمبر 4، 5، 6، 12، 13، چودہ استعمال کر سکیں گے صرف وی آئی پیز اور اسٹیکر والی گاڑیاں گیٹ نمبر 8 سے داخل ہوسکیں گی۔

اس کے علاوہ اسٹیڈیم کے احاطے میں سی این جی سلنڈر والی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی ہوگی، اسٹیڈیم کے تمام گیٹ میچ شروع ہونے سے تین گھنٹے پہلےکھول دیئے جائیں گے۔

اسٹیڈیم میں داخلے کیلئے اصل قومی شناختی کارڈ اور اصل ٹکٹ ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے، آن لائن ٹکٹس پر اسٹیڈیم میں داخلہ ممکن نہیں ہوگا۔

تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں کھانے  پینے کی کوئی بھی چیز لانے کی اجازت نہیں ہوگی، کھانے پینے اور ریفریشمنٹ کی اشیا اسٹیڈیم کے اندر لگے اسٹالز پر دستیاب ہوں گی، اسٹیڈیم اور اطراف میں ہر قسم کے ڈرون کیمروں کے استعمال پر پابندی ہوگی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں