چیمپئنز ٹرافی میں روایتی حریف بھارت سے شرمناک شکست کے بعد بے بس پاکستانی شائقین نے سوشل میڈیا پر میمز کے ذریعے قومی ٹیم پر حملہ کیا۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن پاکستان ٹیم بھارت سے 6 وکٹوں کی شرمناک شکست کے بعد تقریباً ٹورنامنٹ سے باہر ہوچکی ہے۔
ایک جانب ٹورنامنٹ سے اخراج اور روایتی حریف بھارت سے شکست نے پاکستانی شائقین کو سیخ پا کر دیا اور انہوں نے اپنا غصہ سوشل میڈیا پر میمز کے ذریعہ پاکستان ٹیم پر نکالا۔
بابر اعظم کے 23 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد ایک صارف نے طنزیہ پوسٹ اس کیپشن کے ساتھ کی کہ ’’ایستھیٹک ویڈیوز کے لیے اتنی شاٹس کافی ہوتی ہیں۔‘‘
امام الحق کے ایک غیر ضروری رن لینے کی کوشش میں وکٹ بنانے پر جہاں شائقین کرکٹ اور سابق کرکٹرز کو ان کے چچا انضمام الحق کا دور یاد آیا وہیں صارفین نے اس پر دلچسپ پوسٹ کیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ پانچ ہزار کلومیٹر کا سفر کر کے 10 رنز کی یادگار اننگ کھیلی۔ ایک صارف نے لکھا کہ 30 لاکھ خرچ کر کے امام کو صرف 10 رنز کے لیے دبئی لے کر گئے۔
ایک موقع پر جب دونوں اوپنر سست بیٹنگ کا مظاہرہ کر رہے تھے۔ اس کی دلچسپ منظر کشی کرتے ہوئے ایک صارف نے بابر اور امام کی ایک تصویر اس کیپشن کے ساتھ شیئر کی جس میں بابر امام سے کہہ رہے ہیں کہ تو مار میں کھڑا ہوں اور جواباً امام کہتے ہیں کہ نہیں تو مار میں کھڑا ہوں۔
اس میچ میں بابر اعظم نے اور امام الحق نے 26، 26 گیندیں کھیل کر بالترتیب 23 اور 10 رنز اسکور کیے تھے۔
کچھ صارفین نے یہ تک لکھا کہ شکر ہے بھارت چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان نہیں آیا ورنہ پاکستانی اپنی سر زمین پر روایتی حریف سے کیسے یہ شرمناک شکست برداشت کرتے۔