چیمپئنز ٹرافی میں پاک بھارت ٹاکرے پر گفتگو کے دوران سابق قومی فاسٹ بولر محمد عامر نے بھارتی صحافی وکرانت گپتا کو خاموش کرا دیا۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا سب سے بڑا مقابلہ آج دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔ دنیا بھر کے شائقین کرکٹ یہ ہائی وولٹیج میچ دیکھنے کے لیے بے قرار ہیں۔
تاہم سرحد کے دونوں اطراف میچ کے حوالے سے جوش وخروش انتہا پر پہنچا ہوا ہے جو ٹی وی چینلز پر کھلاڑیوں اور اسپورٹس صحافیوں کے درمیان گفتگو سے بھی آشکار ہو رہا ہے۔
ایک مقامی نجی ٹی وی کے اسپورٹس پروگرام میں بھارتی صحاف وکرانت گپتا کے موجودہ پاکستانی ٹیم کو بھارت کے خلاف میچ میں انڈر اسٹیمیٹ کرنے پر 2017 چیمپئنز ٹرافی فائنل کے ہیرو سابق قومی پیسر محمد عامر نے ایسا جواب دیا کہ بھارتی صحافی خاموش ہو گئے۔
مذکورہ ٹی وی پروگرام میں وکرانت گپتا نے محمد عامر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 2017 کے فائنل میں آپ نے کمال کا اسپیل کیا تھا اور چیمپئنز ٹرافی نکال کر لے گئے تھے، لیکن مجھے نہیں لگتا کہ آج کی پاکستان ٹیم اس وقت کی ٹیم کی طرح مضبوط ہے۔
بھارتی صحافی کی اس بات کا محمد عامر نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ اس وقت فائنل سے قبل بھی آپ انڈیا کو پاکستان سے زیادہ مضبوط ٹیم کہہ رہے تھے، لیکن پھر نتیجہ آپ نے دیکھ لیا۔
سابق قومی پیسر نے کہا کہ آپ کو بھی پتہ ہے کہ پاکستان اور انڈیا کا میچ ہائی وولٹیج میچ ہوتا ہے۔ اس میچ میں جو ٹیم کم غلطیاں کرتی ہے وہ میچ جیت جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دو روز قبل بنگلہ دیش کے خلاف چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں آپ کی ٹیم (انڈیا) نے بھی کافی غلطیاں کی ہیں۔ اگر بھارت نے یہی غلطیاں آج دہرائیں تو پاکستان آپ کو مار سکتا ہے۔
محمد عامر کا یہ کرارا جواب سن کر وکرانت گپتا کھسیانی ہنسی ہنسنے لگے۔
چیمپئنز ٹرافی: پاک بھارت ٹاکرے کا رنگ پاکستانی سیاست پر بھی چڑھ گیا