پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے آئی سی سی چمیمپئنز ٹرافی کے رواں ایڈیشن نے سابقہ تمام ایڈیشنز کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے میچز جاری ہیں۔ میزبان ٹیم اگرچہ میگا ایونٹ سے باہر ہوچکی ہے، لیکن پاک سر زمین پر ہونے والے اس ٹورنامنٹ نے سابقہ تمام چیمپئنز ٹرافیوں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
رواں چیمپئنز ٹرافی میں اب تک 11 سنچریاں بن چکی ہیں اور یہ اس ایونٹ کے اب تک ہونے والے سابقہ تمام ایڈیشنز سے زیادہ ہیں۔
گزشتہ روز افغانستان اور انگلینڈ کے خلاف میچ میں دونوں جانب سے ایک ایک سنچری سامنے آئی۔ پہلے افغان کرکٹر ابراہیم زردان نے 177 رنز کی اننگ کھیلی، جو رواں ایونٹ کی 10 ویں سنچری تھی۔
بعد ازاں انگلینڈ کے جو روٹ نے 120 رنز بنائے جو میگا ایونٹ کی 11 ویں سنچری تھی اور یہ چیمپئنز ٹرافی کے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ سنچریوں کا نیا ریکارڈ ہے۔
اس سے قبل 2002 اور 2017 کے ٹورنامنٹس میں 10، 10 سنچریاں بنی تھیں جب کہ 2006 کے ایونٹ میں 21 میچوں میں صرف 7 تھری فیگرز اننگز کھیلی گئی تھیں۔
اب تک ٹورنامنٹ میں 8 میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں ول ینگ، ٹام لیتھم، توحید ہردوئی، شبمن گل، رائن ریکلٹن، بین ڈکٹ، جوش انگلس، ویرات کوہلی، راچن رویندرا، ابراہیم زادران اور جو روٹ سنچریاں اسکور کر چکے ہیں۔ جب کہ 7 میچز ابھی باقی ہیں اور مزید تھری فیگرز اننگز کھیلے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ایونٹ کے آٹھویں میچ میں افغانستان کی جانب سے دیے گئے 326 رنز کی ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم پر 317 ہمت ہار بیٹھی اور میگا ایونٹ سے باہر ہونے والی تیسری ٹیم بن گئی۔