پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کا گزشتہ روز شاندار آغاز ہوا لیکن بھارتی میڈیا اپنے منفی اور جھوٹے پروپیگنڈے سے باز نہ آیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کا گزشتہ روز شاندار آغاز ہوا لیکن بھارتی میڈیا اپنے منفی اور جھوٹے پروپیگنڈے سے باز نہ آیا۔ بھارتی میڈیا نے حدیں پار کرتے ہوئے بوگس رپورٹنگ کی جب کہ سوشل میڈیا پر بھی بے سروپا خبروں کا طوفان اٹھا دیا گیا۔
کسی نے نیشنل اسٹیڈیم کے قریب دھماکے کی جھوٹی خبر دے کر افتتاحی تقریب کو بے رنگ کرنے کی ناکام کوشش کی تو کسی نے فلائی پاسٹ کو ناکام شو قرار دیا۔ تاہم بھارتی میڈیا کی ترنگا تنازع گرم کرنے کی کوشش بھی کام نہ آئی۔ نیشنل اسٹیڈیم میں فل ہاؤس نے تماشائی نہ پہنچنے کی خبر پر پانی پھیر دیا۔
نیشنل اسٹیڈیم میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب سے دنیا بھر کے کرکٹ فینز محظوظ ہوئے لیکن بھارت کو امن اور محبت کا یہ ماحول ایک آنکھ نہ بھایا۔
بھارتی میڈیا نے بغض اور پاکستان دشمنی میں سفید کو سیاہ کرنے کی ٹھانی لیکن منہ کی کھانی پڑی۔
ہندوستان ٹائمزنے لکھا کہ نیوزی لینڈ کے بیٹرز اور شائقین دھماکے کی آواز سے لرز گئے۔ چیمپئنز ٹرافی میں ڈر کا ماحول ہے۔
فرسٹ پوسٹ نے لکھا کہ پاک نیوزی لینڈ میچ میں کراؤڈ انتہائی کم پہنچا۔ لیکن نیشنل اسٹیڈیم میں فل ہاؤس نے جھوٹی خبر اڑا کر رکھ دی۔
اسی نے بھارتی پرچم کا تنازع بھی پاکستان کے کھاتے میں ڈالنا چاہا، لیکن بھول گیا کہ کسی بھی ایونٹ کے تمام پرچم آئی سی سی کی جانب سے لہرائے یا اتارے جاتے ہیں۔ شائقین نے بھی فوراً یہ جھوٹ پکڑ لیا اور فرسٹ پوسٹ کی کلاس لے لی۔
سوشل میڈیا ویڈیوز میں خالی آسمان دکھا کر تاثر دیا گیا کہ فلائی پاسٹ پھیکا رہا، لیکن پاکستانی شاہینوں نے جو آسمانوں پر رنگوں کی جو ہولی کھیلی۔ وہ بھارتی میڈیا کے جھوٹ پر کالک ملنے کے لیے تھی کافی۔
فضا میں شاہینوں کا فلائی پاسٹ کرکٹ کے کسی ایونٹ میں آج تک کسی نے نہیں دیکھا تھا لیکن پاکستان نے یہ کر دکھایا۔