سوشل میڈیا پر دنیا کی مشہور اینی میٹڈ کارٹون سیریز دی سمپسن کی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے جیتنے کی پیشگوئی وائرل ہو رہی ہے۔
دنیا کی مشہور کارٹون سیریز دی سمپسن کا زیادہ مشہور حوالہ اس کی دہائیوں قبل کارٹون کرداروں میں کی گئی پیشگوئیاں مستقبل میں درست ثابت ہونا ہے۔ جیسا کہ ٹرمپ کا دوبارہ امریکا کا صدر بننا، کاملا ہیرس کی شکست، کیلفورنیا کی آگ، کورونا وبا سمیت دیگر کئی پیشگوئیاں جو کئی دہائیوں بعد درست ثابت ہوئیں۔
چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے ہو رہا ہے۔ پاکستان میگا ایونٹ کا میزبان ہونے کے ساتھ ہی دفاعی چیمپئن بھی ہے۔
اب سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اسی مشہور زمانہ دی سمپسن کارٹون کی چیمپئنز ٹرافی پاکستان کے جیتنے کی پیشگوئی وائرل ہو رہی ہے۔
تاہم جو پاکستانی شائقین کرکٹ یہ پیشگوئی سن پر خوش ہو رہے ہیں۔ ان کے لیے اہم اطلاع یہ ہے کہ مذکورہ پیشگوئی اصل سمپسن کارٹون سیریز کا حصہ نہیں بلکہ یہ تصویر مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے بنائی گئی ہے اور اس کا مقصد لوگوں کو اس معاملے پر دھوکا دینا ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر اے آئی سے تخلیق کی گئی یہ جعلی تصویر پر صارفین کے تبصرے بھی کیے گئے ہیں۔
کچھ صارفین نے جہاں اس تصویر کو اے آئی کی کارستانی قرار دیتے ہوئے جھوٹ پکڑ لیا وہیں کچھ صارفین نے دلچسپ تبصرے کرتے ہوئے کہا کہ جیسی پاکستانی ٹیم کی سلیکشن ہے، لگتا ہے کہ سمپسن نے پیشگوئیوں کی درستگی کا ریکارڈ یہاں ٹوٹ جائے گا۔
واضح رہے کہ 2017 میں اوول کے میدان میں پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو 180 رنز سے عبرتناک شکست دیتے ہوئے پہلی بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
گرین شرٹس اپنے اعزاز کے دفاع کے لیے 19 فروری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے اپنی مہم جوئی کا آغاز کریں گے۔ ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا مقابلہ پاک بھارت ٹاکرا 23 فروری کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔