آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم دو میچ جیت کر سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے۔
دبئی میں نیوزی لینڈ کے خلاف آخری گروپ مرحلے کے میچ سے قبل ٹیم کو انجری کی وجہ سے پلیئنگ الیون میں تبدیلیاں کرنی ہوں گی۔
کپتان روہت شرما کو ہیمسٹرنگ انجری کا سامنا ہے جس کی وجہ سے وہ آئندہ میچ سے باہر ہوسکتے ہیں۔
روہت شرما کی جگہ نائب کپتان شبمن گل بطور کپتان ڈیبیو کرسکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق روہت شرما نے بدھ کے روز ٹریننگ سیشن میں بھی حصہ نہیں لیا اور وہ ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کے ساتھ گفتگو کرتے دکھائی دیے البتہ انہوں نے ہلکی پھلکی جاگنگ کی۔
کیویز کے خلاف میچ گروپ اے کی ٹاپ ٹیم کے لحاظ سے اہم ہے تاہم 4 مارچ اگر کپتان نے آرام کیا تو شبمن گل ٹیم کی قیادت کرتے دکھائی دیں گے۔
24 سالہ کھلاڑی نے پاکستان کے خلاف 46 رنز بنائے تھے اور بنگلادیش کے خلاف سنچری اسکور کی تھی۔
اگر روہت شرما نہیں کھیلتے تو شبمن گل کے ساتھ اوپننگ کے ایل راہول کرسکتے ہیں جبکہ رشبھ پنت بھی اس سے قبل وائٹ بال کرکٹ میں اوپننگ کرچکے ہیں۔