چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے ہو رہا ہے آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ لاہور اور پنڈی میں ہونے والے میچز کے سیکیورٹی انتظامات مکمل ہیں۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے آغاز میں صرف ایک ہفتہ باقی رہ گیا ہے۔ میگا ایونٹ کے 6 میچز لاہور اور پنڈی میں بھی کھیلے جائیں گے۔ ان میچز کے لیے ٹیموں کی آمد اور سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے میچز کا پُر امن اور محفوظ ماحول میں انعقاد یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میگا ایونٹ میں ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ آفیشلز اور میچ دیکھنے والے شائقین کو بھرپور سیکیورٹی دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ اس حوالے سے پی سی بی، ضلع انتظامیہ اور دیگر اداروں سے کوآرڈینشین مکمل کر لی گئی ہے۔
آئی جی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی رہائش، روٹس، اسٹیڈیمز کے اطراف آپریشنز جاری ہیں۔ میچز کے دوران سیکیورٹی ہائی الرٹ اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جائے گی۔ سیف سٹیز کیمروں کی مدد سے مکمل مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔
ڈاکٹر عثمان انور نے مزید بتایا کہ میچز کے دوران ٹریفک، مناسب پارکنگ کیلیے اضافی ٹریفک وارڈنز تعینات کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ڈولفن اسکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ، ایلیٹ فورس ٹیمیں میچز کےدوران پٹرولنگ یقینی بنائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ میگا ایونٹ کے دوران اسٹیڈیمز سمیت اردگرد کی بلند عمارات پر پولیس اسنائپرز بھی تعینات کیے جائیں گے۔
دریں اثنا ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے تین میچز صوبائی دارالحکومت لاہور میں 22، 26 فروری اور 5 مارچ جب کہ پنڈی میں 24، 25 اور 27 فروری کو کھیلے جائیں گے، جن کے لیے سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ میگا ایونٹ کے دوران 12 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔ میچز کے دوران 8 ہزار افسران و اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔
چیمپئنز ٹرافی کی سیکیورٹی کیلئے پاک فوج اور رینجرز کی تعیناتی کا فیصلہ