بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئندہ ماہ پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی سے قبل ٹیم میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم اور کپتان روہت شرما آسٹریلیا سے شکست کے بعد شدید تنقید کی زد میں ہیں ایسے میں بی سی سی آئی نے آئندہ ماہ پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنی ٹیم کی قیادت میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چیمپئنز ٹرافی میں بلیو شرٹس کی قیادت بدستور روہت شرما ہی کریں گے تاہم نائب کپتانی کے حوالے سے اب نئے نام پر غور کیا جا رہا ہے اور یہ منصب جسپرت بمراہ کو دیے جانے کا امکان ہے۔
بلیو شرٹس کی نائب کپتانی کے لیے کے ایل راہول، شبھمن گل اور ہاردیک پانڈیا کے نام بھی سامنے آ رہے تھے تاہم قرعہ فال جسپرت بمراہ کے نام نکلا ہے۔
بی سی سی آئی کی جانب سے اس کا حتمی اعلان آئندہ ہفتے کیے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق جسپرت بمراہ انجری کا شکار ہیں اور اسی بنیاد پر بی سی سی آئی انہیں رواں ماہ دورہ انگلینڈ کے لیے آرام دینا چاہتا ہے جب کہ کچھ میڈیا رپورٹس میں ان کی انجری کی شدید ظاہر کرتے ہوئے پیسر کے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت بھی مشکوک قرار دی جا رہی ہے۔