بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے آئی سی سی نے منگل کو ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔
بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ میٹنگ میں پاکستان، بھارت سمیت تمام ممبر بورڈز شریک ہوں گے، اجلاس میں چیمپئنز ٹرافی کے مستقبل سے متعلق فیصلہ ہوگا جبکہ نگامی میٹنگ ورچوئل ہوگی۔
اجلاس میں بھارت کے پاکستان جانے سے انکار پر بات ہوگی، پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل پر رضامند ہونے یا نہ ہونے پر بھی بات ہوگی، چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول، فارمیٹ، گروپ اسٹیج مقابلوں پر بات ہوگی۔
چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان اور بھارت کے میچ سے متعلق بھی بات ہوگی، ہائبرڈ ماڈل کی صورت میں سیمی فائنل، فائنل کی حکمت عملی بھی زیر بحث آئے گی۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے کسی ہنگامی اجلاس سے متعلق اب تک نہیں بتایا ہے۔
Champions Trophy 2025- Latest Updates
واضح رہے کہ بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد میں تین ماہ سے بھی کم وقت رہ جانے کے باوجود آئی سی سی تاحال ایونٹ کا شیڈول اعلان نہیں کر سکی ہے۔
آئی سی سی کو براڈ کاسٹرز کی جانب سے شیڈول کے جلد اعلان کے لیے دباؤ کا سامنا ہے اور براڈ کاسٹ رائٹس کے مطابق پاک بھارت میچ نہ ہونے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
دریں اثنا چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان کی عالمی معیار کی میزبانی کی صلاحیت کو ظاہر کرے گی۔ دنیا بھر سے آنے والے کھلاڑیوں اور شائقین کیلیے یہ ایک خوبصورت تجربہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے آنے والے غیر ملکی کھلاڑی اور شائقین کرکٹ پاکستان کے جذبے، کرکٹ سے جنون اور مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوں گے۔