بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر جسپرت بمراہ کے زخمی ہونے اور ٹورنامنٹ نہ کھیلنے کی خبریں سامنے آ رہی ہے پیسر نے اس پر خاموشی توڑ دی ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کا آغاز ہونے میں ایک ماہ باقی رہ گیا ہے۔ بھارتی میڈیا فاسٹ بولر جسپرت بمراہ کے زخمی ہونے اور میگا ایونٹ میں شرکت نہ کرنے سے متعلق مسلسل پیشگوئی کر رہا ہے۔
گزشتہ روز بھی ٹائمز آف انڈیا نے خبر دی تھی کہ جسپرت بمراہ کے کمر پر سوجن ہے اور ڈاکٹروں نے انہیں مکمل بیڈ ریسٹ کا مشورہ دیا ہے جس کے باعث وہ چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو سکتے ہیں۔
تاہم اصل حقیقت کیا ہے۔ اس پر پیسر نے خاموشی توڑ دی ہے۔
جسپرت بمراہ نے اپنی انجری کے حوالے سے پھیلنے والی خبروں کو جھوٹ اور فرضی قرار دیا ہے اور اس حوالے سے انڈین میڈیا کی دی گئی خبروں پر فوری ردعمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا ہے کہ انہیں اپنی انجری اور بیڈ ریسٹ سے متعلق خبر پڑھ کر ہنسی آ گئی۔
جسپرت بمراہ نے لکھا کہ ’’ مجھے معلوم ہے کہ جھوٹی خبریں تیزی سے پھیلتی ہیں، لیکن اس کو پڑھ کر مجھے ہنسی ہی آئی ۔ ذرائع قابل بھروسہ نہیں ہے‘‘۔
تاہم ان کی انجری کی نوعیت کیا ہے اور وہ کب تک فٹ ہو کر ٹیم کا حصہ ہوں گے، اس حوالے سے انہوں نے کوئی بات نہیں کی۔
واضح رہے کہ جسپرت بمراہ دورہ آسٹریلیا کے دوران آخری ٹیسٹ میچ میں انجری کا شکار ہوئے تھے اور اسی وجہ سے وہ مذکورہ سڈنی ٹیسٹ کی آخری اننگ میں بولنگ بھی نہیں کرا سکے تھے۔
بھارتی سلیکٹرز نے بھی انہیں انجری کے باعث رواں ماہ دورہ انگلینڈ سے باہر رکھا ہے۔