آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے میچز کیلیے راولپنڈی میں ہیوی ٹریفک کیلیے روٹ پلان تشکیل دے دیا گیا۔
ترجمان ٹریفک پولیس نے بتایا کہ 24، 25 اور 27 فروری کیلیے متبادل ٹریفک پلان ترتیب دیا ہے، ہیوی ٹریفک کو تینوں دن صبح ساڑھے 7 سے رات ڈیڑھ بجے داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
پشاور سے لاہور جانے والی ہیوی ٹریفک ٹیکسلا اور ترنول پھاٹک سے فتح جنگ موٹروے جائے گی جبکہ جی ٹی روڈ سے راولپنڈی جانے والی ہیوی ٹریفک چکری موٹروے استعمال کرے گی۔
اسی طرح لاہور جی ٹی روڈ سے پشاور جانے والے شہری روات سے ٹیکسلا موٹروے استعمال کریں، سری نگر ہائی وے اور ایکسپریس وے پر ٹریفک تعطل کا شکار رہے گی، شہری دارالحکومت میں سفر کیلیے مختلف انڈر پاسز کا استعمال کریں۔
گزشتہ روز آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت چیمپئنز ٹرافی 2025 کے میچز کی سکیورٹی سے متعلق اجلاس ہوا جس میں دارالحکومت اور پنجاب پولیس کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں کرکٹ ٹیموں کی سکیورٹی سے متعلق پلان پر بریفنگ دی گئی جبکہ آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ پولیس کے 5800 اہلکار فرائض سر انجام دیں گے، ٹریفک کیلیے متبادل راستوں سے شہریوں کو آگاہی فراہم کی جائے گی۔