آئندہ ماہ پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل بھارتی ٹیم کو بڑا جھٹکا لگا ہے اور اہم کھلاڑی کے باہر ہونے کا خدشہ ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی آئندہ ماہ 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان کی میزبانی میں کھیلی جانی ہے۔ تاہم اس میگا ایونٹ سے قبل بھارتی ٹیم کو بڑا دھچکا پہنچا ہے اور اس کے اہم ترین کھلاڑی کی ٹورنامنٹ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ٹیم کے بولنگ اٹیک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے فاسٹ بولر جسپرت بمراہ کی انجری شدید نوعیت اختیار کر گئی ہے اور ان کی کمر پر سوجن ہے جس کے باعث وہ نہ صرف انگلینڈ کے خلاف رواں ماہ ہونے والی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر ہو گئے ہیں بلکہ چیمپئنز ٹرافی میں بھی ان کی شرکت مشکوک بتائی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بمراہ جو آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں کھیلے گئے آخری ٹیسٹ میچ میں کمر کی تکلیف کا شکار ہوئے تھے اور اسی وجہ سے دوسری اننگ میں بولنگ بھی نہیں کرا سکے تھے اب ان کی تکلیف بڑھ گئی ہے۔
بھارتی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ جسپریت بمراہ مارچ کے پہلے ہفتے تک مکمل فٹ ہوں گے جب کہ ایونٹ میں بھارت نے اپنا آخری گروپ میچ 2 مارچ کو نیوزی لینڈ کے خلاف دبئی میں کھیلنا ہے۔
ادھر بھارتی کرکٹ بورڈ نے بمراہ کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی بنگلورو میں رپورٹ کرنے کا کہا ہے جب کہ سلیکشن کمیٹی کو ان کی فٹنس رپورٹ سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ جسپرت بمراہ کی انجری کے باعث بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے چیمپئنز ٹرافی کے لیے اسکواڈ کے نام جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع مانگی ہے کیونکہ سلیکٹرز پیسر کی فٹنس رپورٹ کی روشنی میں ٹورنامنٹ کے قریب اسکواڈ کا اعلان کرنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے ابتدائی اسکواڈ منتخب کرنے کے لیے 12 جنوری کی ڈیڈ لائن دی ہوئی ہے تاہم 11 فروری تک اس میں آئی سی سی کی منظوری کے بغیر تبدیلی کی جا سکتی ہے۔