چیمپئنز ٹرافی میں اب ایک ماہ سے بھی کم وقت رہ گیا ہے ایسے میں ایک بڑی ٹیم کے ایک دو نہیں 9 فاسٹ بولرز زخمی ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے پاکستان میں شروع ہو رہی ہے۔ میگا ایونٹ کے انعقاد میں اب ایک ماہ سے بھی کم وقت رہ گیا ہے اور آئی سی سی نے شریک ٹیموں کے بورڈز کو حتمی اسکواڈ کے لیے 11 فروری کی ڈیڈ لائن دے رکھی ہے۔
فاسٹ بولنگ ہمیشہ سے جنوبی افریقہ کا بڑا ہتھیار رہا ہے۔ تاہم اس شو پیس ایونٹ سے قبل جنوبی افریقہ کے لیے نئی مشکل کھڑی ہوگئی ہے اور وہ یہ ہے کہ اس کے ایک یا دو نہیں بلکہ 9 فاسٹ بولرز مختلف انجریز کا شکار ہوچکے ہیں، جس کے باعث اس کو حتمی اسکواڈ کی تشکیل میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
گزشتہ ہفتے 150 کی اسپیڈ سے بولنگ کرنے والے اسٹار پروٹیز فاسٹ بولر اینریچ نورٹجے کمر کی انجری کے باعث چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہوئے اور اب جیرالڈ کوٹزی ہمیسٹرنگ انجری کا شکار ہو کر جنوبی افریقہ کی لیگ ایس اے 20 سے باہر ہو گئے ہیں۔
جنوبی افریقہ کو چیمپئنز ٹرافی تک ان کی صحتیابی کی امید ہے تاہم یہ امید موہوم سی ہے اور ان کے شوپیس ایونٹ میں شرکت مشکوک دکھائی دے رہی ہے۔
اس تشویش میں مزید اضافہ لونگی نگیڈی کا ہے جو انجری سے صحتیاب ہونے کے بعد مقامی ٹورنامنٹ کھیل رہے ہیں مگر ان کی اسپیڈ پہلے جیسی نہیں ہے اور ان کی فٹنس پر سوالیہ نشان لگا ہوا ہے۔
اس کے علاوہ نینڈرے برگر کمر کے نچلے حصے میں اسٹریس فریکچر اور لیزاڈ ولیمز گھٹنے کی چوٹ کی وجہ سے SA20 سے باہر ہیں۔ بیورن ہینڈرکس اور ویان مولڈر بھی زخمی ہونے کی وجہ سے لیگ نہیں کھیل رہے۔
جنوبی افریقہ میں جاری ایس اے 20 لیگ میں ایک ٹیم کے کوچ ایلبی مورکل کا کہنا ہے کہ اس وقت تمام ٹیموں میں جنوبی افریقہ کے کم از کم 9 فاسٹ بولرز زخمی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے حال ہی میں لیزاڈ، نینڈرے اور جیرالڈ جیسے تین بڑے فاسٹ بولرز کو کھو دیا ہے۔ اہم کھلاڑیوں کی فٹنس پروٹیز کے لیے باعث تشویش ہے اور ہم اس کی وجوہات جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے گزشتہ سال ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل تک رسائی اور پھر رواں سال جون میں ہونے والے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنانے کے بعد خود پر لگا چوکر ٹیم کا لیبل تو اتار پھینکا ہے۔
تاہم چیمپئنز ٹرافی سے قبل اچانک جنوبی افریقہ کی طاقت فاسٹ بولرز کا اتنی بڑی تعداد میں زخمی ہونا میگا ایونٹ کے حتمی اسکواڈ کی تشکیل کے لیے پروٹیز سلیکٹرز کے لیے درد سر بن گیا ہے۔