چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد میں لگ بھگ 40 دن رہ گئے ہیں ایک اہم ملک نے اس ایونٹ کے لیے سابق قومی کپتان یونس خان کو مینٹور مقرر کر دیا ہے۔
پاکستان کے تاریخ ساز بلے باز اور سابق قومی کپتان یونس خان کو آئندہ ماہ شروع ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل اہم ذمہ داری مل گئی ہے اور یہ ذمہ داری انہیں افغان کرکٹ بورڈ نے دی ہے۔
افغان کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے یونس خان کو اپنی ٹیم کا مینٹور مقرر کیا ہے۔ وہ ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل افغانستان کی ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔
یونس خان جو اس سے قبل 2022 میں افغانستان ٹیم کے بیٹنگ کوچ رہ چکے ہیں۔
پاکستان ان ہی کی قیادت میں 2009 میں ٹی 20 ورلڈ کپ کا چیمپئن بنا تھا جب وہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں 10 ہزار رنز بنانے والے پاکستان کے واحد بلے باز ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز آئندہ ماہ 19 فروری سے ہو رہا ہے اور اس کا فائنل 9 مارچ کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان اس شوپیس ایونٹ کا دفاعی چیمپئن اور میزبان ملک ہے تاہم بھارت کی ہٹ دھرمی کے باعث یہ ٹورنامنٹ بھی ایشیا کپ کی طرح ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلا جا رہا ہے۔ بھارت اپنے تمام میچز یو اے ای میں کھیلے گا اگر وہ ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچا تو سیمی فائنل اور فائنل بھی پاکستان سے باہر ہوں گے۔