منگل, جنوری 7, 2025
اشتہار

چیمپئنز ٹرافی: ہائبرڈ ماڈل مسترد، آئی سی سی قابل قبول آپشن پیش کرے، پی سی بی

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے معاملے پر آئی سی سی سے رابطہ کیا ہے اور ہائبرڈ ماڈل کو ایک بار پھر سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے ملنے والی کے مطابق چیمپئنز ٹرافی 2025 کے انعقاد سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک بار پھر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے رابطہ کیا ہے اور اپنا واضح موقف پیش کر دیا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک بار پھر چیمپئنز ٹرافی کے لیے کسی بھی ہائبرڈ ماڈل کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہائبرڈ ماڈل کسی صورت قبول نہیں کریں گے، آئی سی سی جمعہ (کل) کی میٹنگ سے قبل کوئی قابل قبول آپشن پیش کرے۔

- Advertisement -

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے دوٹوک الفاظ میں یہ بات دہرائی ہے کہ بھارت کا پاکستان میں ہونے والے ایونٹ میں نہ آنا قبول نہیں۔ اگر بھارت اپنی ہٹ دھرمی پر قائم رہتا ہے اور چیمپئنز ٹرافی کے لیے نیوٹرل وینیو کا فارمولا اپنایا جاتا ہے تو پھر اگلے ایونٹس میں پاکستان بھی بھارت نہیں جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے اپنا موقف واضح طور پر دے دیا ہے اور اس کو اب آئی سی سی کے جواب کا انتظار ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اگلے برس 19 فروری سے 9 مارچ تک شیڈول ہے اور پاکستان اس ٹورنامنٹ کا میزبان ہونے کے ساتھ دفاعی چیمپئن بھی ہے۔

پی سی بی کی جانب سے اس شو پیس ایونٹ کے لیے بھرپور تیاریاں جاری ہے اور ما سوائے بھارت تمام ممالک نے پاکستان آنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔

تاہم مودی سرکار حسب سابق ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بار پھر کھیل میں سیاست کو لے آئی اور ایونٹ انتہائی قریب آنے کے بعد پاکستان آنے سے انکار کر دیا جس کے باعث ٹورنامنٹ کا شیڈول جاری نہیں ہو سکا ہے اور آئی سی سی مشکلات کا شکار ہے کیونکہ براڈ کاسٹرز کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل پر جلد شیڈول جاری کرنے کے لیے دباؤ ہے۔

آئی سی سی بورڈ ممبران کی کل دبئی میں اسی معاملے پر میٹنگ ہے اور بتایا جا رہا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل پیش کرے گا۔ پاکستان کے رضامند نہ ہونے کی صورت میں 14 بورڈ ممبران سے ایونٹ کی میزبانی کے لیے ووٹنگ کرائے جانے کا بھی امکان ہے۔

آئی سی سی نے چیمپئنر ٹرافی کیلیے نیا فارمولا تیار کر لیا

 

Comments

اہم ترین

مزید خبریں