کراچی کے مختلف علاقوں میں چاند رات پر ہوائی فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 6 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
کراچی میں ہوائی فائرنگ سے شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات پر پولیس فوری حرکت میں آگئی، جس سے چاند رات کی خوشیاں منانے والوں کی شامت آگئی۔
پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے ہوائی فائرنگ کرنے والے6افراد کو گرفتار کرلیا، پولیس حکام کے مطابق کیماڑی پولیس نے کارروائی کرکے ہوائی فائرنگ کرنے والے3افراد کو گرفتار کیا۔
ایس ایس پی کیماڑی نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے ملزمان کے قبضے سے فائرنگ میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ پولیس نے سائٹ اے کے علاقے سے ہوائی فائرنگ کرنے والے 2 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار شدگان کیخلاف مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی میں نماز مغرب کے بعد جیسے ہی چاند کی رویت کا اعلان ہوا، مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں 11 افراد کے زخمی ہونے کے واقعات پیش آئے ہیں۔
کراچی کے علاقے قصبہ کالونی میں نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے بچی زخمی ہوگئی، فرنٹیئر کالونی میں بھی نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔
حیدری کے قریب نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے ایک شخص زخمی جب کہ میانوالی کالونی میں نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔
اس کے علاوہ لانڈھی معین آباد نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ الاصف اسکوائر کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سےایک شخص زخمی ہوا۔