کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ کراچی میں کالعدم دہشت گرد تنظیمیں کھلے عام زکوٰة فطرے کے عطیات اورچندے جمع کررہی ہیں لیکن رینجرز کی جانب سے ان کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہ کیا جانا بہت بڑا سوال ہے۔
اپنے بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ ایک جانب تو رینجرز نے ایم کیوایم کے رجسٹرڈ فلاحی ادارے خدمت خلق فاوٴنڈیشن جس کی بڑے پیمانے پر فلاحی سرگرمیاں اورعوامی خدمت کے کارنامے کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں اس پر زکوٰة فطرہ جمع کرنے پر پابندی عائد کردی ہے ۔
زکوٰة فطرہ جمع کرنے پر ایم کیوایم کے کارکنوں، ذمہ داروں حتیٰ کہ کونسلروں اوریوسی ناظمین تک کو گرفتار کیا جارہا ہے ، انہیں بلا بلا کردھمکیاں دی جارہی ہیں کہ وہ خدمت خلق فاوٴنڈیشن کے لئے عطیات جمع نہ کریں۔
دوسری جانب کالعدم تنظیموں کے افراد کراچی کی مساجد کے باہراوربازاروں میں کھلے عام بلاروک ٹوک اور آزادانہ طور پر باقاعدہ اسٹال لگا کر زکوٰة فطرہ کے عطیات اورفنڈجمع کررہے ہیں لیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔
بعض مقامات پرکالعدم تنظیموں کے افراد رینجرز کے اہلکار وں کی موجودگی میں زکوٰة فطرہ اورچندے جمع کررہے ہیں جن کی وڈیو بعض ٹی وی چینلزپر بھی نشرہوئی ہیں ۔
یہ صورتحال شہریوں کے سامنے ہے اورشہرکے عوام یہ سب کچھ اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں کہ کون کیا کر رہا ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اگرقانون نافذ کرنے والے ادارے بھی دہراطرزعمل اختیارکریں گے تو انصاف قائم نہیں ہوسکتا۔