بالی ووڈ اداکار عرفان خان کو مداحوں سے بچھڑے 5 ماہ بیت گئے اور مداح اب بھی انہیں یاد کر کے اداس ہوجاتے ہیں، حال ہی میں ان کے دوست نے عرفان کی قبر کی تصویر پوسٹ کی جو پھولوں سے ڈھکی ہوئی تھی۔
عرفان خان کے دوست اور بالی ووڈ اداکار چندن رائے سنیال عرفان خان کی قبر پر پہنچے اور اس کی تصاویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پوسٹ کی۔
اپنے ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ میں کل سے عرفان کو بہت یاد کر رہا تھا، اور اس بات پر خود کو کوس رہا تھا کہ میں 4 ماہ سے عرفان کی قبر پر نہیں گیا۔
چندن نے لکھا کہ میں وہاں گیا تو عرفان وہاں اکیلا پھولوں کے درمیان محو آرام تھا۔
Was missing irrfan since yesterday, beating myself for not having gone to his tomb for 4 months. Today i went ,there he was resting alone with no-one around with plants. In silence. I left him some Rajnigandha and took a piece of him back with his blessings. So long #IrrfanKhan pic.twitter.com/3xzoAS7zzZ
— Chandan Roy Sanyal (@IamRoySanyal) September 20, 2020
انہوں نے عرفان خان کی قبر کی تصویر بھی پوسٹ کی جو پھولوں سے ڈھکی ہوئی تھی، ان کی پوسٹ نے عرفان کے مداحوں کو ایک بار پھر سے غمزدہ کردیا۔
خیال رہے کہ عرفان خان 29 اپریل کو ممبئی کے کوکیلا بین اسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔
عرفان کو سنہ 2018 میں نیورو اینڈو کرائن کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کے علاج کے لیے وہ لندن چلے گئے تھے، وہاں سے وہ ایک برس بعد لوٹے اور واپس آ کر اپنی فلم ’انگریزی میڈیم‘ کی شوٹنگ مکمل کروائی۔
انتقال سے چند روز قبل ان کی والدہ کا انتقال ہوا تھا جس میں وہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے شرکت نہ کر سکے تھے، بعد ازاں ان کی اپنی بھی طبیعت خراب ہوئی اور ایک رات آئی سی یو میں گزارنے کے بعد وہ داغ مفارقت دے گئے۔