اسلام آباد : وزیر اعظم اور کابینہ کی عدم موجودگی کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا، وزارت پیٹرولیم شش وپنج کا شکار ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا فیصلہ کون کرے گا؟ نہ حکومت، نہ وزیراعظم، سمری کس کوبھیجیں، وزارتِ پٹرولیم مخمصے کا شکار ہیں ، ہرماہ کی طرح آج بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں ردوبدل متوقع ہے۔
اوگراکی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں ردوبدل کی سمری وزارتِ پٹرولیم کو ارسال کردی گئی، وزیراعظم کی عدم موجودگی پروزارت قانون سے مشورہ طلب کرلیا گیا ہے۔
اوگرا نے یکم اگست سے پیٹرول کی قیمت میں تین روپے سرسٹھ پیسے کی کمی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں پانچ روپے ستر پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں تیرہ روپے فی لیٹر اضافہ تجویز کیا ہے۔
مزید پڑھیں : اوگرا کی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سفارش
لائٹ ڈیزل کی قیمت10روپے1پیسے اضافے سے54روپے1پیسے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کاحتمی فیصلہ وزیر اعظم کرتے ہیں تاہم نواز شریف کی نااہلی کے باعث امورِ حکومت بظاہر تعطل کا شکار ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزارت پیٹرولیم نے اس صورت حال میں وزارتِ قانون سے مشورہ طلب کیا ہے۔