لاہور: شاعر مشرق علامہ اقبال کے ایک سوانتالیسویں یوم پیدائش کے موقع پران کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی، نیوی کے چاک و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔
شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش پر مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب ہوئی، تقریب کے مہمان خصوصی اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور ساجد محمود شہزاد تھے۔
تقریب کے دوران پاک رینجرز کی جگہ پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے مزار اقبال پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
مزید پڑھیں : شاعرِمشرق علامہ اقبال کی آج 139ویں سالگرہ ہے
نیوی کےاسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور ساجد محمود شہزاد نے مزار اقبال پر پاک نیوی کے دستوں کا معائنہ کیا، کموڈور نے چیف آف نیول اسٹاف ، پاکستان نیوی کے افسران اور سی پی اوز نے پھولوں کی چڑھائی۔
تقریب میں اعلی عسکری اور سول عہداداران نے شرکت کی، اس موقع پر وطن عزیز کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
اہم شخصیات کی حاضری کے بعد مزار اقبال کو عام شہریوں کیلئے کھول دیا گیا، لوگوں کی بڑی تعداد مزار اقبال پر حاضری دے کر حکیم الامت کو خراج عقیدت پیش کر رہی ہے جبکہ شہر میں افکار اقبال کے حوالے سے مختلف تقاریب کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔