لاہور: شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش پر مزار اقبال پرگارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب میں پاک بحریہ کے دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
تفصیلات کے مطابق شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب ہوئی۔
اسٹیشن کمانڈرلاہور کموڈور نعمت اللہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب کے دوران نیوی کے چاق وچوبند دستے نے مزار اقبال پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
کموڈورنعمت اللہ نے بحریہ اور رینجرز کے دستوں کا معائنہ کیا اور مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ پاک بحریہ کے سربراہ کی جانب سے بھی مزار اقبال پرپھول چڑھائے گئے۔
اسٹیشن کمانڈر لاہور نے مہمانوں کے کتاب میں تاثرات بھی درج کیے۔ اس موقع پر وطن عزیز کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
اہم شخصیات کی حاضری کے بعد مزار اقبال کو عام شہریوں کے لیے کھول دیا گیا، لوگوں کی بڑی تعداد مزار اقبال پر حاضری دے کر حکیم الامت کو خراج عقیدت پیش کر رہی ہے جبکہ شہر میں افکار اقبال کے حوالے سے مختلف تقاریب کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔