کراچی : یوم دفاع و شہدا کے موقع پر بانی وطن قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب میں پاکستان ایئرفورس کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔
تفصیلات کے مطابق یوم دفاع و شہدا کے موقع پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔
پاکستان ایئرفورس کے کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھال لئے، اس موقع پر ایئر وائس مارشل شہریار خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے ، انھوں نے بانی پاکستان کے مزار پر پھول چڑھائے،فاتحہ خوانی کی۔
مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل شہریار خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مزارقائدپرگارڈزکی ذمہ داریاں سنبھالنا ایئر فورس کیلئے اعزاز ہے، پاک فضائیہ کے دستوں نے دشمن کو ایک انچ بھی آگے نہ بڑھنے دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دشمن کوپیغام ہے ہماری امن پسندی کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔
مہمان خصوصی نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ 1965کےدوران قوم کی امیدوں پر پوری اتری، پاکستان کا امن ہماری اولین ترجیح ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ نے بتایا کہ مزارقائد پرپاک فضائیہ کے74کیڈٹس پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کیلئے تعینات ہوں گے ، مذکورہ کیڈٹس میں 61 مرداور13خواتین کیڈٹس شامل ہیں۔