لاہور: ایئر پورٹس پر مسافروں کی کرونا وائرس اسکریننگ کا طریقہ کار تبدیل کر دیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ صحت پنجاب کو فلائٹس کی اسکریننگ کے لیے نیا طریقہ کار موصول ہو گیا، جس کے تحت اب بغیر علامات والے مسافروں کو ایئر پورٹ سے گھر جانے کی اجازت ہوگی۔
این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ نظرثانی شدہ قواعد کے مطابق کرونا وائرس کے علامات والے مسافروں کو گھر جانے کی اجازت نہیں ہوگی، ایئر پورٹ پر موجود محکمہ صحت کی ٹیمیں مسافروں کا معائنہ کریں گی۔
بغیر علامات والے مسافر اپنے گھروں میں 14 دن قرنطینہ رہیں گے جب کہ کرونا علامات والے مسافر ٹیسٹ رپورٹ آنے تک حکومتی قرنطینہ مرکز میں رہیں گے۔
قواعد کے مطابق علامات والے مسافروں کو منفی رپورٹ آنے پر ہی گھر جانے کی اجازت ہوگی، مثبت رپورٹ آنے والے مریض خود گھر یا اسپتال میں آئسولیٹ ہوں گے، دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے مثبت مریض مسافر 14 دن قرنطینہ میں رہنے کے بعد اپنے صوبے کو سفر کر سکیں گے۔
نئی گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ 20 جون سے تمام ایئر لائنز جو پاکستان کے لیے روٹین کے مطابق پروازیں چلاتی ہیں، کو پاکستان کے لیے اندرونی ٹریفک آپریٹ کرنے کی اجازت ہوگی، جن کی تعداد ملک کے اندر ہفتے میں 200 سے 275 فلائٹس ہیں۔