اشتہار

چارسدہ : تین بھائیوں کو قتل کرنے والا ملزم انٹر پول کے ذریعے ملائشیا سے گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

چارسدہ : تین سگے بھائیوں کو بہیمانہ انداز میں قتل کرنے والے سفاک ملزم کو انٹر پول کے ذریعے ملائشیا سے گرفتار کر لیا گیا، عدالت نے ملزم کو دس روزہ ریمانڈ ہر پولیس کے حوالے کردیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ رمضان المبارک میں چارسدہ کے علاقہ عمر زئی علی جان کلے میں بااثر رئیس زادے نادر خان نے دیگر دو ملزمان ناصر جمال اور پیر محمد سے مل کر تین سگے بھائیوں کاشف، شبیر اور سجاد کو لین دین کے تنازعے پر اپنے حجرے میں طلب کر کے بے دردی سے قتل کیا تھا۔

تہرے قتل کیس کے چند گھنٹے بعد مرکزی ملزم نادر خان اپنی گرل فرینڈ کے ہمراہ ملائیشاء فرار ہو گیا جبکہ دیگر دو ملزمان پیر محمد اور ناصر جمال بھی روپوش ہو گئے۔

- Advertisement -

ڈی آئی جی مردان محمد علی خان نے دیگر پولیس افسران کے ہمراہ میڈیا کو تہرے قتل کیس کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تہرے قتل کیس کے دلخراش واقعہ کا آئی جی خیبر پختونخوا ڈاکٹر محمد نعیم خان نے سخت نوٹس لیتے ہوئے واقعہ میں ملوث ملزمان کو جنگی بنیادوں پر گرفتار کرنے کے احکامات جاری کرکے روزانہ کی بنیاد پر پوگریس رپورٹ لیتے رہے۔

ایس پی انوسٹی گیشن چارسدہ نذیر خان کی سربراہی میں جے آئی ٹی تشکیل دی گئی جس میں حساس اداروں کے نمائندوں کو بھی شامل کیا گیا۔

تفتیشی اور اپریشنل ٹیم نے پہلے مرحلے میں ٹریول ایجنٹ رباب نسیم کو گرفتار کیا، جس نے مرکزی ملزم نادر خان کو ملائیشاء فرار کرنے میں نہ صرف سہولت کار ی کی بلکہ ملزم کے ساتھ خود ملائشیاءبھی گیا تھا جس کو ملایشیاء سے واپسی پر اسلام آباد ائیر پورٹ پر گرفتار کیا گیا۔

اگلے مرحلے میں چارسدہ پولیس نے تہرے قتل کیس کے ایف آئی آر میں نامزد دو ملزمان پیر محمد اور ناصر جمال کو بھی گرفتار کرلیا۔

ڈی آئی جی محمد علی خان کے مطابق مرکزی ملزم نادر خان کی ملائیشیاء سے گرفتاری کے حوالے سے وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، ایف آئی اے اور ملایشیاء کے رائل پولیس کے تعاون سے انٹرپول کے ذریعے بالاخر سفاک ملزم کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

جس کو چارسدہ پولیس نے گزشتہ رات کو الالمپور سے لاہور اور پھر چارسدہ منتقل کیا۔ بعد ازاں ملزم نادر خان کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے ملزم کو دس روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

 

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں