چارسدہ : دو اوباش نوجوانوں نے گھر میں گھس کر سولہ سالہ لڑکی کو اسلحہ کے زور پر برہنہ کردیا، ملزمان ویڈیو بنانے کیلئے زیادتی کی کوشش کررہے تھے کہ اچانک زلزلہ آنے سے ڈر کر بھاگ گئے، اے آر وائی نیوز کی خبر پر آئی جی خیبرپختونخوا نے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق چارسدہ کے علاقے میاں کلے میں دو اوباش ملزمان نے لڑکی سے مبینہ زیادتی کی کوشش کی اس دوران زلزلہ آنے سے گھبرا کر فرار ہوگئے، تھانہ پڑانگ پولیس نے لڑکی کی رپورٹ پر واقعے کا مقدمہ پڑوسی ملزم اعظم اور واصف کے خلاف درج کرلیا۔
پولیس کو دیئے گئے بیان میں مذکورہ لڑکی عائشہ نے بتایا کہ علاقے کے دو لڑکے اعظم اور واصف میرے گھر میں گھس گئے اور پستول دکھا کربرہنہ کر کے زیادتی کی کوشش کی۔
اس حوالے سے ایس ایچ او منظور خان نے میڈیا کو بتایا کہ متاثرہ لڑکی عائشہ کے بیان پر ایف آئی آر درج کر کے نامزد ملزمان کے گھروں پر چھاپہ مارا گیا ہے تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔
ڈی پی او چارسدہ ظہور آفریدی کا اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مقدمہ کے اندراج کے بعد متاثرہ لڑکی کو میڈیکل رپورٹ کیلئے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم میڈیکل رپورٹ میں زیادتی کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔انہوں نے کہا کہ کل تک ملزمان کو گرفتار کرکے میڈیا کے سامنے پیش کردیا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کی خبر پر آئی جی کے پی کے نے نوٹس لے لیا، انہوں نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا ہے، صلاح الدین محسود کا کہنا ہے کہ ملزمان کا کرمنل ریکارڈ موجود ہے جلد پکڑے جائیں گے۔
چارسدہ میں اے آر وائی نیوز کے نمائندے سرتاج خان نے بتایا ہے کہ واقعہ دوپہر بارہ بجے پیش آیا، لڑکی نے بتایا ہے کہ اس کی والدہ رشتہ داروں کے گھر گئی ہوئی تھیں اور میں گھر میں اکیلی تھی کہ دو اوباش نوجوان گھر کی دیوار پھلانگ کر داخل ہوگئے، رپورٹر کا کہنا ہے کہ پولیس کے پاس ملزمان کا پہلے سے کرمنل ریکارڈ موجود ہے۔