چارسدہ کے علاقے تھانہ سرور کی حدود میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ تھانہ سرور کی حدود میں پیش آیا جہاں رشتے کے تنازع پر 3 افراد کو قتل کردیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ رشتے کے تنازع پر خواتین میں جھگڑے کے باعث ہوا، جاں بحق افراد میں میاں بیوی اور کمسن بچی شامل ہیں جبکہ ملزمان فرار ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کا تعلق پشاور کے علاقہ داودزئی سے بتایا جاتا ہے، مبینہ مفرور ملزمان شکور اور عمر کی تلاش جاری ہے۔
اس سے قبل 24 جون کو تھانہ سٹی چارسدہ کی حدود ارضیات میں ایک مشکوک سوٹ کیس کی موجودگی کی اطلاع پر سٹی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی، تاہم افسوسناک طور پر سوٹ کیس سے ایک نوجوان لڑکی کی لاش برآمد ہوئی، جسے فائرنگ کر کے بے دردی سے قتل کیا گیا تھا۔
واقعہ کی سنگینی کے پیش نظر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ سلیمان ظفر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی انویسٹی گیشن چارسدہ سجاد خان کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح ٹیم تشکیل دی، جس میں ڈی ایس پی سٹی زرداد علی خان، ایس ایچ او سٹی بہرمند شاہ خان، اے ایس ایچ او بسم اللہ جان اور دیگر تفتیشی افسران شامل تھے۔
لاش کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال چارسدہ منتقل کیا گیا، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد شناخت کے لیے سوشل میڈیا پر عوام سے مدد طلب کی گئی، جس کے کچھ دیر بعد ایک شخص تھانے میں پیش ہوا اور لاش کو اپنی بیوی قرار دیا۔
تاہم پولیس کو اس کے بیانات میں تضاد محسوس ہوا، جس پر اسے شاملِ تفتیش کیا گیا۔دورانِ تفتیش ملزم اسماعیل نے سنسنی خیز انکشاف کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ اس نے اپنی بیوی کو اس کے سگے بھائی کے ساتھ مل کر قتل کیا۔