اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار پنجاب کے تین حلقوں سے انتخاب لڑیں گے جن میں ایک قومی اور دو صوبائی حلقے شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چوہدری نثار نے کہا ہے کہ وہ ضلع اٹک میں این اے 59، راولپنڈی میں پی پی 10 اور پی پی 14 سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔
یہ اعلان انھوں نے ضلع اٹک کے این اے 59 سے آئے ہوئے یوسی چیئرمینز اور وائس چیئرمینز کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ انھوں نے کہا کہ وہ ٹیکسلا واہ کے حلقے این اے 63 سے بھی الیکشن لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
یونین کونسل کے وفد کا کہنا تھا کہ وہ چوہدری نثار علی خان کے عوام کے لیے خدمات کو سراہتے ہیں، چوہدری نثار کی سیاست اور ان کا کردار پوٹھوہار کے عوام کے لیے باعث افتخار ہے۔
چوہدری نثار نے وفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ بلدیاتی نمائندوں نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، جس پر انھیں خوشی ہے اور وہ وفد کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکسلا واہ کے پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کروں گا۔
نوازشریف سے پارٹی ٹکٹ آخر مانگا کب ہے؟نہ پہلے ٹکٹ کیلئے درخواست دی نہ آئندہ دوں گا،چوہدری نثار
یو سی وفد کا کہنا تھا کہ ووٹر سے وابستگی پر چوہدری نثار پر فخر محسوس ہوتا ہے، وہ جس پلیٹ فارم سے انتخاب لڑیں گے، عوام انھیں سرخ رو کرائیں گے۔
پی ٹی آئی کے کچھ لوگ چوہدری نثار سے رابطے میں ہیں، عمران خان
واضح رہے کہ اپنی پارٹی ن لیگ سے اختلافات کے بعد سیاسی حلقوں میں یہ بات بہت بے چینی کی وجہ بنی رہی تھی کہ چوہدری نثار اگلا انتخاب کس پارٹی سے لڑیں گے۔ اس ضمن میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی طرف سے بھی انھیں پارٹی شمولیت کی دعوت مل گئی تھی۔ تاہم چوہدری نثار نے اس سلسلے میں مسلسل خاموشی کا مظاہرہ کیا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔