اسلام آباد : سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاست ایک میدان جنگ کا نقشہ پیش کررہی ہے، حکومت اور اپوزیشن ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست ایک میدان جنگ کا نقشہ پیش کررہی ہے، موجودہ سیاسی حالات کی صورتحال ملک کی ترقی، استحکام اور مستقبل کے لیے زہر قاتل ہے۔
اپوزیشن کو چاہئے کہ حکومت کو کارکردگی دکھانے کا موقع دے اور حکومت کا یہ فرض ہے کہ وہ اپوزیشن کو سانس لینے دے، چوہدری نثار کا مزید کہنا تھا کہ نام نہاد احتساب کے ذریعے سیاسی جماعتوں کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔
احتساب کی اہمیت اور ساکھ تب بحال ہو سکتی ہے جب بلاتفریق اور بلاامتیاز ہو، ایک سوال کے جواب میں سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات ایک مثبت پیش رفت ہے تاہم حکومت کو مذاکرات پر بلاجواز کریڈٹ لینے گریز کرنا چاہیے کیونکہ کل اگر خدانخواستہ معاملات آگے نہ بڑھے تو اس کا سارا الزام پاکستان پر ڈال دیا جائے گا۔
بھارت سے تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ اچھی طرح جان لینا چاہیے کہ پاکستان سے دوستی مودی حکومت کے خمیر میں ہی نہیں ہے۔