لاہور: مسلم لیگ ن کے باغی رہنما چوہدری عبد الغفور نے کہا ہے کہ ہم نے ماضی میں ن لیگ کا دفاع کیا، اس پر ہم قومی مجرم ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں کیا، ان کا کہنا تھا کہ ن لیگی قیادت قوم اور پاکستان دوست نہیں، یہ اداروں میں تصادم کی مرتکب ہوئی ہے۔
باغی رہنما نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا مجھ سمیت ن لیگ کے لوگ در بَدر اور پارٹی سے دور بیٹھے ہیں، ن لیگ میں کیا ہو رہا ہے کسی کو کچھ معلوم نہیں، قیادت اپنی مرضی کے فیصلے کر رہی ہے۔
چوہدری عبد الغفور کا کہنا تھا کہ پاکستان کی قسمت سے کھیلنے والوں کو عوام اب مسترد کر چکی ہے، ن لیگ کے ٹکٹ اسی وجہ سے واپس ہو رہے ہیں، پاکستان کے عوام جاگ چکے ہیں اب فیصلے ملک کے لیے ہوں گے۔
انھوں نے کہا مسلم لیگ ن نے ملک اور اداروں کو برباد کیا ہے، کس چیز پر ہم دردی کا ووٹ ملے گا، ن لیگی قیادت کس حیثیت سے ہم دردی کا ووٹ مانگ رہی ہے۔
سابق صوبائی وزیر عبدالغفور میو نے بھی ن لیگ سے بغاوت کردی
باغی رہنما نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے جیپ کا نشان رکھا ہے، اس نشان پر الیکشن لڑنے پر کوئی برائی نہیں ہے۔ خیال رہے کہ ن لیگ کے ناراض رہنما چوہدری نثار کا انتخابی نشان بھی جیپ ہے۔
چوہدری عبد الغفور نے کہا کرپشن کیسز کی نوعیت کا اندازہ لگانا نیب کا کام ہے، ملک میں سب کا احتساب بلا امتیاز ہوگا، ملک کو برباد کرنے والوں کا پکڑا جانا ضروری ہے، حکمران عوام کا پیسا خود ہڑپ کریں گے تو مسائل کون حل کرے گا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔