لندن : سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے عمران خان کو مشورہ دیا کہ دائیں بائیں والوں کی باتیں نہ سنیں اور خداراغصہ چھوڑیں اور تمام سیاسی جماعتوں کو یکجا کریں، ہر وقت اپنےگھوڑے تیار رکھنے کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملکی حالات سے متعلق خواہش اور جذبہ بھی ہوتا ہے، اس وقت ملک کواتفاق واتحاد کی ضرورت ہے۔
چوہدری نثار کا عمران خان کو مشورہ دیتے ہوئے کہنا تھا دائیں بائیں والوں کی باتیں نہ سنیں اور خدارا قوم کو تقسیم نہ ہونے دیں سب کو یکجا کریں، اگر غصہ اب بھی نہیں جا رہا تو مودی پر نکالیں۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کل وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر حیرانی ہوئی، فوج تب ہی لڑتی ہے جب ان کو عوام سپورٹ کریں، چند لوگوں میں سے ہوں جو سمجھتے ہیں پاکستان کو بھارت سے خیر کی توقع نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مودی جیسا شخص حکمران بن جائے تو درجہ حرارت بڑھ جاتا ہے، مقبوضہ کشمیر کو آزادی بی جے پی اور کانگریس نہیں دے سکتی، ہر وقت اپنےگھوڑے تیار رکھنے کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں : ہندوستان سے خیر کی توقع نہیں رکھنی چاہیے ، چوہدری نثار
یاد رہے چند روز قبل سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا تھا ہندوستان سےخیر کی توقع نہیں رکھنی چاہیے اور نہ ہی عمران خان کو بار بار تقریر کرکے امن کی درخواستیں کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا افواج پاکستان بلخصوص پاک فضائیہ کی کارکردگی پر مکمل اطمینان مگر حکومتی پالیسی پر تحفظات ہیں، اس وقت چونکہ اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے تو اظہار خیال نہیں کروں گا۔
چوہدری نثار نے کہا تھا جو بھی جماعت ہندوستان کی ہے وہ پاکستان کے حق میں نہیں ہوسکتی، مودی ہندوستان میں بھی پسندیدہ لیڈر نہیں ہے ، ہندوستان میں پاکستان پر گالی گلوچ کرکے سیاست کی جاتی ہے۔