جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

کلبھوشن کو بروقت نہ پکڑتے تو بہت تباہی ہوسکتی تھی، وزیر داخلہ

اشتہار

حیرت انگیز

پشاور : وزیرداخلہ چوہدری نثار نے بھارت کو دو ٹوک پیغام دیا ہے کہ کلبھوشن معاملے پر کسی قسم کا ابہام نہیں، سب ایک پیج پر ہیں، کلبھوشن کو پاکستانی آئین کے مطابق سزا دی اور ہم اپنے قانون کے مطابق ہی کیس منطقی انجام تک پہنچائیں گے، کلبھوشن کو بروقت نہ پکڑتے تو بہت تباہی ہوسکتی تھی۔

تفصیلات کے مطابق ورسک ٹریننگ اکیڈمی میں فرنٹیئرکورکی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہو ئی، وزیرداخلہ چوہدری نثار تقریب میں مہمان خصوصی تھے، اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے پریڈکا معائنہ کیا اور بہترین کارکردگی پر جوانوں کواعزازات سے نوازا۔

وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کلبھوشن سےمتعلق کسی قسم کا ابہام نہیں، کلبھوشن غیر ملکی جاسوس ہے اور پاکستان میں دہشتگردی کا مرتکب ہے، کلبھوشن کوبروقت نہ پکڑتےتوبہت تباہی ہوسکتی تھی، پاکستان کلبھوشن جاسوس کے خلاف کارروائی کرے گا۔

- Advertisement -

کلبھوشن کو ملکی آئین وقانون کے تحت سزا ہوئی، منطقی انجام تک پہنچائیں گے

چودھری نثار نے کہا کہ کلبھوشن کے معاملے میں خامی نہیں تو تلاش نہ کریں، کلبھوشن کے معاملے پراتفاق رائے ہے، کلبھوشن کو ملکی آئین وقانون کے تحت سزا ہوئی،منطقی انجام تک پہنچائیں گے، عالمی عدالت میں پاکستان نہیں بھارت گیا، پاکستان کی پالیسی واضح اور متفقہ ہے، سول ملٹری اتحاد سے بڑے مسائل، مشکلات حل ہوسکتے ہیں، پیغام جانا چاہئے قومی معاملات پر متفق اور متحد ہیں، جہاں اختلاف نہیں وہاں ڈھونڈا نہ جائے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ افغانستان کے امن میں خلل ڈالنے والی کسی پالیسی کاساتھ نہیں دینگے، افغانستان کا امن پاکستان کا امن سمجھتےہیں، افغانستان برادر کے طور پر بات کرے گا ہم سنیں گے، افغانستان بھارت کی زبان میں بات کرے تو وہ قابل قبول نہیں۔

وزیر داخلہ نے ایک سوال پر کہا کہ افغان حکومت پاکستان پر تنقید کرنے کی بجائے داخلی کمزوریوں پر توجہ دے ۔پاکستان افغانستان کے امن کے خلاف سوچ بھی نہیں سکتا ۔پاکستان اور افغانستان کے دل یکساں دھڑکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر رمضان المبارک کے بعد ایک وفد کے ہمرا ہ ایران کا دورہ کرونگا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں۔

آپ صرف ایف سی نہیں اسلام، پاکستان کے سپاہی ہو

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ میں پاسنگ آؤٹ پریڈمیں شریک ہوں، آپ کی زندگی کے اس اہم موڑ پر آپ کےساتھ ہونے پر خوشی ہے، فرنٹیئرکور اور یہ شہرترقی کے نئے مراحل طے کررہا ہے، مجھےاعلیٰ معیار دیکھنے کو ملا،آپ سب مبارکباد کے مستحق ہیں، کم وقت میں آپ جیسے ہیروز تراشنے پر ٹرینرز مبارکباد کے مستحق ہیں، آپ کی قابلیت قوم کے سامنے ہیں۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ یہ ابتدا ہے، آپ کے سامنےاور بہت سےامتحان ہیں،آپ نے ہر امتحان میں پاس ہو کر قومی خدمت کا اعلیٰ معیار قائم کرنا ہے، آپ پیشہ ورانہ زندگی میں پہلا قدم اٹھانے لگے ہیں، جو وردی آپ نے پہنی ہے، اس کا مان رکھنا آپ کی ذمہ داری ہے، ایف سی کی 100سال سے پرانی تاریخ ہے، یہ کوئی چھوٹی فورس نہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ ایف سی کی تاریخ میں سیکڑوں جوانوں افسران کا خون شامل ہے، آپ صرف ایف سی نہیں اسلام، پاکستان کے سپاہی ہو، آپ نے ملک سے شر اور فساد ختم کرنا ہے، آپ اس ملک کو محافظ ہو، جو اللہ اور اسکے رسول کے نام پر حاصل کیا،چند لوگوں نے پر امن ملک میں شرکا طوفان بپا کررکھاہے، آپ نے اپنے زوربازو سے ان شرپسندوں کو شکست دینی ہے۔

انشااللہ ہم یہ جنگ جیتیں گے ، دہشتگردی ختم کرکے دم لیں گے

چوہدری نثار نے کہا کہ مٹھی بھرلوگوں کا آپ نےمقابلہ کرناہے، چند عناصر کفار سے پیسہ لیکر اسلام کے نام پر پاکستان میں فساد برپا کر رہے ہیں، آپ نے اس ملک میں امن لیکر آنا ہے، جن سیکیورٹی افسران وجوانوں نےجام شہادت نوش کیا انہیں خراج تحسین پیش کرتاہوں،شہدا کے والدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،یقین ہے آپ اپنی ذمہ داریوں پر پورا اتریں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت مشکلات کے باوجود فورسز کی ضرورت کے اقدامات کررہی ہے، 80ارب روپےسے سول آرمڈ فورسز کی نئی ریزنگ کی، آئندہ2سے3ماہ میں آپ کے29 ونگ کھڑے کرنے ہیں، آپ نے دہشتگردوں کےخلاف جنگ میں اپنا حصہ ڈالنا ہے، آپ نے بارڈر کی حفاظت کرنی ہے، ہم نے دہشتگردی سے ملک کو پاک کرنا ہے، انشااللہ ہم یہ جنگ جیتیں گے ،دہشتگردی ختم کرکے دم لیں گے۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں