ٹیکسلا: سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کھل کر بات شروع کردی ہے، کہا نواز شریف کو فوج نے نہیں نکالا، انھیں فوج کے ساتھ لڑنے سے منع کیا تھا۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے ٹیکسلا، راولپنڈی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا نواز شریف کو کہا عدلیہ اور فوج سے لڑائی مت کرو تو کون سا جرم کر دیا۔
ٹیکسلا جلسے میں چوہدری نثار کا لہجہ جارحانہ نظر آیا، انھوں نے کہا زندگی کے 34 سال ایک ایسے شخص کی وفاداری میں دیے جس نے وقت آنے پر میری وفاداری کا احساس نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور ان کے خاندان کا حجاب رکھا اور رکھنا بھی چاہتا ہوں، ایک سال تک یہ حجاب رکھا اور وزارت چھوڑ کر کونے میں بیٹھ گیا، چند لوگوں نے میرے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی، وقت آیا تو انھوں نے مجھ سے بے وفائی کی۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے پارٹی کے خلاف بغاوت کا اعلان کردیا
چوہدری نثار نے کہا نواز شریف کے حواریوں کا ذکر کروں تو آپ کانوں کو ہاتھ لگائیں گے، یاجوج ماجوج بات کریں گے تو جواب دینے پر مجبور ہوں گا اور میرا جواب پھر کھلی جنگ ہوگی۔
انھوں نے اپنے حریف امیدوار کے متعلق برہمی سے کہا کہ جمعہ جمعہ آٹھ دن ہوئے صوبائی اسمبلی کا امیدوار ن لیگ میں آیا، میں 1985میں آیا تو ن لیگ کا کوئی نام لینے والا نہیں تھا بس ایک مسلم لیگی تھا، اب کہا جاتا ہے ن لیگ کے اصل نمائندے کو ٹکٹ دیا جائے گا۔
چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ ایک بار کہہ دیا تو کہہ دیا، آزاد حیثیت سے الیکشن لڑوں گا، آج تک پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواست نہیں دی، میرا ٹکٹ مخلوقِ خدا ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔