بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

چوہدری نثارکی دھمکی کے نتائج آنا شروع ہوگئے، مولا بخش چانڈیو

اشتہار

حیرت انگیز

حیدرآباد : پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ الیکشن کی تیاری ہورہی ہے اوریہاں لوگوں کو اٹھایا جارہا ہے، چوہدری نثار نے جو دھمکی دی تھی اس کے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدر آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، مولا بخش چانڈیو نے آصف زرداری کے تین ساتھیوں کی گمشدگی پرسخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے دھمکی دی تھی جس کے نتائج آناشروع ہوگئے، ان کی دھمکی کےاچھےنتائج نہیں نکلیں گے۔

پیپلزپارٹی کے 3 رہنماؤں کواٹھانا سمجھ سے بالاتر ہے، جن لوگوں کواٹھایا گیا اگر وہ مجرم ہیں تو انہیں عدالت میں پیش کیا جائے، انہوں نے کہا کہ نون لیگ الیکشن سے پہلے دشمنی کا ماحول پیدا کر رہی ہے۔ صرف ایک جماعت کو نشانہ بنایا جارہا ہے، ایسےاقدامات سے پیپلزپارٹی ٹوٹ پھوٹ کا شکارنہیں ہوگی، لوگوں کواغواء کیا جارہا ہے پتا نہیں حکمران کہاں ہیں؟

کراچی میں مختلف جماعتوں کی جانب سے بجلی اورپانی کی عدم فراہمی کیخلاف احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کے حوالے سے مولابخش چانڈیو نے کہا کہ سندھ میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ اورپانی کی بھی شدید قلت ہے، اس کے علاوہ کے الیکٹرک کے معاملات گزشتہ 5 سال سےخراب ہیں، اب الیکشن کے موقع پر یہ لوگ کیوں نکلےہیں؟

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر جھوٹ بولتے ہیں کہ لوڈشیڈنگ نہیں، سیہون میں کل 18 گھنٹےکی لوڈشیڈنگ ہوئی، واپڈا کے وزیر دھمکیوں کےعلاوہ کچھ نہیں کرتے، ان کا کہنا تھا کہ نواز لیگ روایتی دشمنی بڑھا کرالیکشن میں جارہی ہے۔

یہ لوگ ایسے اسکینڈل میں پھنسے ہیں کہ جان چھڑانا مشکل ہوگئی، جو بھٹو اور شہید بی بی کا نام لیتے تھے آج ان کا خود کا نام کرپشن میں آگیا ہے، پاناما اسکینڈل اللہ کی طرف سے ان کے منہ پر طمانچہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام جھوٹی تسلیوں میں نہیں آئیں گے، انہوں نے سوال کیا کہ سپر ہائی وے پر متبادل راستے نہیں بنائے گئے، کیا کراچی اور اسلام آباد میں ایسی موٹر وے بنی؟

واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ بھی ساتھیوں کی گمشدگی پر برہمی کا اظہار کر چکے ہیں، غلام قادر مری، نواب لغاری اور اشفاق لغاری مختلف جگہوں سے لاپتہ ہوئے۔ ان کو لاپتہ ہوئے پانچ روز گزر چکے ہیں یہ تینوں اشخاص آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں