گجرات: مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ نواز شریف دین کے غدار ہیں، 25 جولائی کو ن لیگ ماضی کی داستان بن جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے گجرات میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے دین کے ساتھ غداری کی، ان کا انجام قریب ہے۔
ق لیگ کے رہنما نے کہا ’الیکشن اور الیکشن کمیشن تو ٹھیک جا رہے ہیں لیکن شہباز شریف اور ن لیگ کی حالت خراب دکھائی دے رہی ہے۔‘
چوہدری پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ نواز شریف کا بیانیہ ملک اور اداروں کے خلاف ہے، اب شریف خاندان کی چوری رنگے ہاتھوں پکڑی جا چکی ہے۔
انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ پچیس جولائی ن لیگ کے خاتمے کا دن ہے اس لیے ووٹرز موسم کی پرواہ کیے بغیر پولنگ اسٹیشن جائیں اور ووٹ کاسٹ کریں۔
باپ بیٹی مل کر فوج اور عدلیہ پر حملے کر رہے ہیں: پرویز الٰہی
واضح رہے کہ چوہدری پرویز الہٰی این اے 69 گجرات سے الیکشن لڑ رہے ہیں، اس حلقے میں ان کا مقابلہ مسلم لیگ ن کے چوہدری مبشر حسین کے ساتھ ہے۔
یہ حلقہ چوہدری پرویز الہٰی کا پرانا انتخابی حلقہ ہے، یہاں پاکستان تحریک انصاف اور ق لیگ کا اتحاد بھی ہوا ہے، اس لیے حلقے پر ان کی گرفت مضبوط ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔