فیصل آباد : مسلم لیگ نون کے مرکزی رہنما چوہدری شیر علی کا کہنا ہے بائیس قتل کروانے والے رانا ثناء اللہ پانی کا بلبلہ ہیں، پنجاب حکومت سر سے ہاتھ اٹھا لے تو بلبلہ پھٹ جائے گا، ایسا نہ ہونے پر اپنے کان کٹوانے کو تیار ہوں۔
فیصل آباد کے علاقے الٰہی آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شیر علی کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت رانا ثناء اللہ کے سر سے ہاتھ اٹھا لے تو یہ پانی کے بلبلے کی طرح پھٹ جائے، اگر ایسا نہ ہو تو میرے کان کاٹ دیں۔
چوہدری شیرعلی کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ نے بائیس نوجوان قتل کروائے اور اس کے لئے مفرور انسپکٹر فرخ وحید کو استعمال کیا، ملک میں جہاں بھی ٹارگٹ کلنگ ہوتی ہے وہاں چند ماہ بعد قاتل پکڑے جاتے ہیں لیکن رانا ثناء اللہ کے انتخابی حلقے میں ٹارگٹ کلنگ میں بائیس افراد کو ہلاک کرنے والے قاتل گرفتار نہیں ہو رہے ۔
انہوں نے کہا کہ شاید پنجاب حکومت قاتل کو تحفظ دے رہی ہے جبکہ پولیس بھی ان اندھے قتلوں میں جانبداری کا مظاہرہ کر رہی ہے ۔
مسلم لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ ملک کا موجودہ یا آنے والا حکمران نہیں ہے جو ہم اس کے پیچھے ایجنسیوں کو لگائیں گے ۔
چوہدری شیرعلی نے امید ظاہر کیا کہ سپریم کورٹ سے پانامہ کیس کا صحیح فیصلہ آئے گا۔