لاہور : صدر مسلم لیگ ق چوہدری شجاعت حسین نے وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ اتحادیوں پر اعتماد اور فسادیوں سے دور رہیں، اللہ تعالیٰ عمران خان کوفسادیوں کے نرغے سے دور رکھے۔
تفصیلات کے مطابق صدر مسلم لیگ ق چوہدری شجاعت حسین نے عمرہ روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اتحادیوں پر اعتماد اور فسادیوں سےدوررہیں، فسادیوں نے ہر دور میں نفرت اور انتشار کی سیاست کی۔
چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ اپنی اپنی نہیں بلکہ پاکستان کی بولی بولیں، عمران خان کیساتھ اتحادبغیرلالچ ملک وقوم کےمفادمیں کیا، حکومت کیساتھ اتحادپرقائم ہیں اور رہیں گے۔
صدرمسلم لیگ(ق) نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے 3بارخانہ کعبہ کے اندر جانے کی سعادت نصیب فرمائی، اپنی معافی کے علاوہ کبھی اپنے لیے دعا نہیں کی، اب بھی انشااللہ عوام کی خوشحالی کیلئے دعا کروں گا۔
صحافی نے سوال کیا کہ عمرے کے دوران عمران خان کیلئے بھی دعا کریں گے ، جس پر ان کا کہنا تھا اللہ تعالیٰ عمران خان کوفسادیوں کے نرغے سے دور رکھے، ان لوگوں کیلئےدعا کروں گاجنہوں نے دعا کی درخواست کی۔
چوہدری شجاعت نے مزید کہا کہ خانہ کعبہ میں بھی ہمیشہ عوام کی خوشحالی کیلئے دعا کی۔
مزید پڑھیں : عمران خان کو اتحادیوں سے کوئی خطرہ نہیں، چوہدری شجاعت
یاد رہے مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا تھا کہ ہم اتحادی ہونے کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی کے ساتھی بھی ہیں، ہم ساتھ نبھانا خوب جانتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اتحادی ہمیشہ اتحاد اور مساوات پر یقین رکھتے ہیں، ہم پاکستان تحریک انصاف کو اپنا ساتھی سمجھتے ہیں، پی ٹی آئی کو بھی چاہیے ہمیں اپنا ساتھی سمجھے۔
چوہدری شجاعت نے کہا تھا ہمارے بیانات کا بعض دوست غلط مطلب نکالتے ہیں،عمران خان کو کلپ دکھا کر اپنے مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، عمران خان کو اتحادیوں سے خطرہ نہیں اپنے لوگوں سے ہے۔